اسلام آباد( الفجرآن لائن) پاک بحریہ کے چار اعلیٰ افسران کو کموڈور کے عہدے سے ریئر ایڈمرل کے رینک پر ترقی دے دی گئی ہے۔ ترجمان پاک بحریہ کے مطابق ترقی پانے والے فلیگ افسران میں کموڈور تصاور اقبال، کموڈور محمد عمیر، کموڈور شاہد واصف اور کموڈور راؤ احمد عمران انوار شامل ہیں۔ ان تمام افسران کا تعلق پاک بحریہ کی آپریشنز برانچ سے ہے اور وہ اپنے طویل اور شاندار کیریئر کے دوران متعدد اہم کمانڈ اور اسٹاف عہدوں پر فرائض سرانجام دے چکے ہیں۔
جاری کردہ تفصیلات کے مطابق، یہ افسران اس وقت بالترتیب کمانڈر ویسٹ ، کمانڈنٹ پاکستان نیول اکیڈمی ، کمانڈر 25 ویں ڈیسٹرائر اسکوڈرن اور نیول سیکرٹری کے انتہائی اہم ترین عہدوں پر متمکن ہیں۔ ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ ان افسران کی اعلیٰ عہدوں پر ترقی ان کی دہائیوں پر محیط پیشہ ورانہ مہارت، غیر معمولی قائدانہ صلاحیتوں اور پاک بحریہ کے لیے پیش کی جانے والی متمایز اور گراں قدر خدمات کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

