کچلاک (ویب ڈیسک): بلوچستان فوڈ اتھارٹی (بی ایف اے) نے کچلاک کے علاقے میں ایک بڑی کامیابی حاصل کرتے ہوئے غیر قانونی طور پر شربت، سرکہ اور جوس تیار کرنے والا ایک بڑا پروڈکشن یونٹ بے نقاب کر کے سیل کر دیا ہے۔ یہ کارروائی ایک خفیہ اطلاع پر ڈائریکٹر آپریشنز فخرالدین مری کی سربراہی میں فوڈ سیفٹی ٹیموں نے انجام دی۔ چھاپے کے دوران فیکٹری سے بھاری مقدار میں ناقص، غیر معیاری اور مضرِ صحت مشروبات برآمد کر کے قبضے میں لے لیے گئے، جبکہ غیر رجسٹرڈ یونٹ میں پروڈکشن کا کام فوری طور پر بند کروا دیا گیا۔
تفتیش کے دوران یہ سنسنی خیز انکشاف بھی سامنے آیا کہ یہ یونٹ نہ صرف غیر قانونی طور پر کام کر رہا تھا، بلکہ مصنوعات پر گمراہ کن لیبلنگ، جعلی معلومات اور غلط پتے درج کر کے عوام کو دھوکہ دیا جا رہا تھا۔ ڈائریکٹر آپریشنز فخرالدین مری کا کہنا ہے کہ تیار شدہ مشروبات کے نمونے لیبارٹری تجزیے کے لیے بھجوا دیے گئے ہیں اور رپورٹ موصول ہوتے ہی مالکان کے خلاف سخت ترین قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ عوام کی صحت سے کھیلنے والے عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی اور صوبے بھر میں محفوظ و معیاری خوراک کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے کریک ڈاؤن کو مزید تیز کر دیا گیا ہے۔

