کوئٹہ(الفجرآن لائن) گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل رواں ماہ امریکہ کا اہم دورہ کریں گے، جہاں وہ 12 اگست کو نیویارک میں اقوام متحدہ کے زیرِ اہتمام منعقد ہونے والی "یوتھ اینڈ آرٹیفیشل انٹیلیجنس سمٹ” میں پاکستان اور بالخصوص بلوچستان کے نوجوانوں کی نمائندگی کریں گے۔ اس عالمی سربراہی اجلاس میں دنیا بھر کے 186 سے زائد ممالک کے مندوبین شرکت کر رہے ہیں۔ اپنے دورے کے دوسرے مرحلے میں، گورنر مندوخیل 14 اگست کو یومِ آزادیِ پاکستان کے موقع پر ٹیکساس کے شہر ڈیلاس میں ایک خصوصی تقریب کا حصہ بنیں گے، جہاں وہ مقیم پاکستانیوں سے خطاب کریں گے۔
عالمی اقتصادی اور تکنیکی فورمز پر بلوچستان کا مقدمہ لڑتے ہوئے، گورنر جعفر خان مندوخیل کا بنیادی فوکس نوجوانوں کو جدید علمی دنیا سے روشناس کروانا اور انٹرپرینیورشپ کو فروغ دینا ہوگا۔ وہ اپنے خطاب میں آرٹیفیشل انٹیلیجنس (AI)، ڈیجیٹل ٹیکنالوجی، روبوٹکس اور آن لائن کاروبار کے انقلابی کردار پر خصوصی زور دیں گے۔ ان کا مقصد بلوچستان کے نوجوانوں اور عالمی ترقی کے درمیان موجود خلیج کو ختم کرنا ہے، تاکہ ملک کا کوئی بھی نوجوان جغرافیائی دوری یا نامساعد حالات کی وجہ سے پیچھے نہ رہ جائے۔ گورنر ہاؤس کے مطابق، یہ دورہ بلوچستان کی جامع ترقی، عالمی برادری کے ساتھ تعاون اور جدید ٹیکنالوجی کو انسانیت کی خدمت کے لیے استعمال کرنے کے پختہ عزم کا عکاس ہے

