اسلام آباد،لاہور( الفجر آن لائن)جڑوں شہروں راولپنڈی اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف حصو ں میں موسلادھار بارش سے گرمی کا زو ر ٹوٹ گیا جبکہ نشیبی علاقے زیر آب آ گئے،راولپنڈی میں نالہ لئی میں پانی کی سطح خطرناک حد تک بلند ہونے کے بعد گوالمنڈی اور کٹاریاں کے علاقوں میں پانی کی سطح 22فٹ سے تجاو کرگئی، شہریوں کا انخلا شروع کر دیا گیا ، اطراف میں خطرے کے سائرن بجا دئیے گئے اور ریسکیو کو ہائی الرٹ کردیا گیا۔
ذرائع کے مطابق راولپنڈی ضلعی انتظامیہ نے ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے پاک فوج سے مدد طلب کر لی ۔حکام کے مطابق شہریوں کو نالہ لئی، ندی نالوں اور نشیبی علاقوں سے دور رہنے اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، نشیبی علاقوں میں ہنگامی حالت نافذ ہے۔
اسلام آباد اور راولپنڈی میں اوسطا 74 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، گولڑہ کے مقام پر سب سے زیادہ 113 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی،، بوکرا میں 40 ملی میٹر، سید پور 70، ایچ ایٹ 57 اور شمس آباد میں 44 ملی میٹر بارش ہوئی۔
بارش کے اعداد و شمار کے مطابق جڑواں شہروں میں بارش کا اوسط ریکارڈ 76.05 ملی میٹر رہا، اسلام آباد کے گولڑہ کے علاقے میں سب سے زیادہ 114 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، جبکہ سیدپور ویلج میں 71 ملی میٹر، پی ایم ڈی ایچ ایٹ میں 57 ملی میٹر اور بوکرا آئی 12 میں 46 ملی میٹر بارش ہوئی۔
راولپنڈی میں نیو کٹاریاں میں 59 ملی میٹر، پیرودھائی میں 51 ملی میٹر، شمس آباد اور گوالمنڈی میں 45 ملی میٹر جبکہ کچہری چکلالہ کے قریب 33 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔راولپنڈی میں نالہ لئی کی
سطح میں کمی کے باوجود کٹاریاں اور گوالمنڈی میں الرٹ برقرار ہے صادق آباد، ڈھوک الہی بخش میں پانی گھروں میں داخل ہوگیا۔اس کے علاوہ مری روڈ، راول روڈ میں بھی پانی سڑکوں پر جمع ہوگیا
۔دوسری جانب مقبوضہ جموں اور بالائی علاقوں میں ہونے والی تیز بارشوں کے باعث شکر گڑھ کے نالہ بئیں میں سیلابی صورتحال ہے، درجن بھر سے زائد دیہات کی فصلیں ڈوب گئیں۔
فلڈ فورکاسٹنگ ڈویژن لاہور کے مطابق دریائے سندھ میں کالا باغ اور گڈو بیراج پر نچلے درجے کے سیلاب کے نتیجے میں دیگر دریاؤں میں صورتحال معمول پر ہے۔
محکمہ موسمیات نے آ ئندہ24گھنٹوں میں مختلف علاقوں میں مزید بارش کی پیشگوئی کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد، راولپنڈی سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں اور خیبر پختونخوا، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں بادل برسیں گے۔

