اسلام آباد (الفجرآن لائن) حکومت نے تاجروں اور عام شہریوں کے لیے انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کے عمل کو آسان بنانے اور بروقت ٹیکس ریٹرن فائل کرنے کی حوصلہ افزائی کے لیے نئی مراعاتی اسکیم متعارف کرانے کی تیاری کرلی ہے۔
حکومتی ذرائع کے مطابق وزیراعظم 14 اگست کو تاجروں کے لیے آسان ٹیکس اسکیم اور رواں مالی سال کے انکم ٹیکس گوشوارے کا نیا فارم متعارف کرائیں گے۔
ذرائع کے مطابق مقررہ تاریخ کے بعد انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے والے تاجروں پر 25 ہزار روپے جرمانہ عائد ہوگا، جبکہ 30 ستمبر کے بعد گوشوارہ جمع کرانے کی صورت میں 25 ہزار روپے رجسٹریشن فیس اور 25 ہزار روپے جرمانہ بھی عائد کیا جا سکتا ہے۔
حکومت کی جانب سے 30 ستمبر تک انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے والے تاجروں کو آسان ٹیکس اسکیم کی رجسٹریشن فیس میں چھوٹ دینے پر غور کیا جا رہا ہے۔
بروقت گوشوارے جمع کرانے والے تاجروں کے لیے گفٹ اسکیم متعارف کرانے کی تجویز بھی زیر غور ہے۔
ذرائع کے مطابق 30 ستمبر تک گوشوارے جمع کرانے والے تاجروں کو 25 ہزار روپے مالیت کی ایف بی آر رجسٹریشن پلیٹ بطور تحفہ دینے پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔
آسان ٹیکس اسکیم کے تحت دکان کے باہر ایف بی آر کی رجسٹریشن پلیٹ آویزاں کرنا لازمی ہوگا۔حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ انکم ٹیکس
گوشوارے جمع کرانے کے لیے فارم کو مزید آسان اور سادہ بنایا جا رہا ہے۔ کاروباری افراد اور عام شہریوں کے لیے الگ الگ انکم ٹیکس گوشوارہ فارم متعارف کرائے جائیں گے۔
ذرائع کے مطابق انفرادی انکم ٹیکس گوشوارے کا فارم مختصر ترین ہوگا، جبکہ تاجروں کے لیے آسان ٹیکس اسکیم کے تحت گوشوارے کا فارم بھی سادہ اور سہل رکھا جائے گا تاکہ زیادہ سے زیادہ افراد ٹیکس نظام میں شامل ہوسکیں۔

