گوادر کی ترقی کے لیے ہر دور میں دعوے کیے گئے، اب گزشتہ 20 سال کے دوران ترقی کے نام پر خرچ کیے گئے وسائل اور ان کے عوام کی زندگی پر پڑنے والے اثرات کا جائزہ لیا جائے گا‘میرسرفراز بگٹی
گوادر کی ترقی صرف بڑے منصوبوں تک محدود نہیں ہونی چاہیے بلکہ عوام کو پینے کے صاف پانی، صحت، تعلیم، روزگار اور دیگر بنیادی شہری سہولیات کی فراہمی بھی ضروری ہے‘گوادر میں آل پارٹیز کے وفد سے خطاب
کوئٹہ/گوادر(الفجر آن لائن) وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی گوادر پہنچ گئے جہاں انتظامی افسران نے ان کا استقبال کیا، جبکہ پولیس کے چاق و چوبند دستے نے وزیراعلیٰ کو سلامی پیش کی۔ دورہ گوادر کے دوران وزیراعلیٰ بلوچستان سے آل پارٹیز گوادر کے وفد نے ملاقات کی، جس میں علاقے کی مجموعی صورتحال، عوامی مسائل اور بنیادی سہولیات کی فراہمی سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔آل پارٹیز گوادر کے نمائندوں نے وزیراعلیٰ کو گوادر کے عوام کو درپیش بنیادی مسائل اور مشکلات سے آگاہ کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ درجہ چہارم کی آسامیوں کے ٹیسٹ اور انٹرویوز مقامی سطح پر منعقد کیے جائیں تاکہ مقامی نوجوانوں کو ان کے جائز حقوق مل سکیں۔
وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے گوادر سمیت بلوچستان کے تمام اضلاع میں درجہ چہارم کی آسامیوں کے ٹیسٹ مقامی سطح پر منعقد کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ ضلعی تخصیص شدہ کوٹے پر مقامی افراد کی بھرتی یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ کسی مقامی امیدوار کا حق مارنے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور بھرتیوں میں میرٹ اور ضلعی کوٹے پر سختی سے عملدرآمد ہوگا۔وزیراعلیٰ نے محکمہ فشریز اور محکمہ جنگلات گوادر میں درجہ چہارم کی آسامیوں پر غیر مقامی افراد کی تعیناتی سے متعلق شکایات کا بھی نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات کا حکم دے دیا۔ اس سلسلے میں چیف منسٹر انسپیکشن ٹیم کو ذمہ داری سونپی گئی ہے۔میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ وہ گوادر کے عوام کو درپیش مسائل کے حل کے لیے تمام سیاسی جماعتوں اور اسٹیک ہولڈرز کو سننے آئے ہیں، عوامی شکایات اور جائز مطالبات پر فوری کارروائی کی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ گوادر کی ترقی کے لیے ہر دور میں دعوے کیے گئے، اب گزشتہ 20 سال کے دوران ترقی کے نام پر خرچ کیے گئے وسائل اور ان کے عوام کی زندگی پر پڑنے والے اثرات کا جائزہ لیا جائے گا۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ گوادر کی ترقی صرف بڑے منصوبوں تک محدود نہیں ہونی چاہیے بلکہ عوام کو پینے کے صاف پانی، صحت، تعلیم، روزگار اور دیگر بنیادی شہری سہولیات کی فراہمی بھی ضروری ہے۔ گوادر کے نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کرنا اور مقامی افراد کو ان کا جائز حق دینا حکومت کی ذمہ داری ہے۔انہوں نے کہا کہ سرکاری ملازمتوں میں مقامی نوجوانوں کے حقوق کا تحفظ یقینی بنایا جائے گا اور کسی کے ساتھ ناانصافی نہیں ہونے دی جائے گی۔ گوادر کے ترقیاتی منصوبوں کے ثمرات مقامی آبادی تک پہنچنے چاہئیں کیونکہ ترقی کا حقیقی مقصد عوام کی زندگی میں بہتری لانا ہے۔میر سرفراز بگٹی نے مزید کہا کہ گوادر بلوچستان کی ترقی کا اہم مرکز ہے اور یہاں ہونے والی ترقی میں مقامی آبادی کو برابر کا شراکت دار بنانا ہوگا۔ حکومت عوامی مسائل کے حل کے لیے سیاسی جماعتوں اور مقامی نمائندوں سے مشاورت کا سلسلہ جاری رکھے گی، جبکہ ترقیاتی منصوبوں کی نگرانی، وسائل کے شفاف استعمال اور عوامی مفاد کو ہر صورت مقدم رکھا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ عوامی مسائل کے حل کے لیے محض اعلانات نہیں بلکہ عملی اقدامات کیے جائیں گے۔

