وفاقی دارلحکومتوں میں 31، صوبائی دارالحکومتوں میں 21 توپوں کی سلامی، مزار قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی،ثاقب خان سدوزئی) پاکستان کا 79 واں یوم آزادی ملک بھر میں قومی جوش و جذبے اور تجدیدِ عہد کے ساتھ منایا گیا۔ دن کا آغاز وفاقی دارالحکومت اور صوبائی دارالحکومتوں میں توپوں کی سلامی اور مساجد میں ملکی سلامتی، ترقی، امن اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعاؤں سے ہوا، جبکہ رات 12 بجتے ہی ملک کے مختلف شہروں میں جشن آزادی کی تقریبات، چراغاں اور آتش بازی کا سلسلہ شروع ہوگیا۔
ملک کے بڑے شہروں سمیت گلی محلوں کو سبز ہلالی پرچموں، برقی قمقموں اور قومی پرچموں سے سجایا گیا ہے۔ کراچی، لاہور، اسلام آباد، پشاور، کوئٹہ، ملتان اور حیدرآباد سمیت مختلف شہروں میں شہریوں نے بڑی تعداد میں سڑکوں کا رخ کیا اور ریلیوں، آتش بازی اور دیگر تقریبات کے ذریعے آزادی کا جشن منایا۔
یوم آزادی کے آغاز پر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 31 جبکہ صوبائی دارالحکومتوں میں 21 توپوں کی سلامی دی گئی۔ توپوں کی سلامی کے دوران اسلام آباد کی فضا اللہ اکبر کے نعروں سے گونج اٹھی۔ کراچی، لاہور، کوئٹہ، پشاور، گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر میں بھی پاک فوج کے دستوں نے قومی روایت کے مطابق توپوں کی سلامی پیش کی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل، نیول چیف اور ایئر چیف نے قوم کو 79ویں جشن آزادی کی مبارکباد دی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق مسلح افواج تمام خطرات کے خلاف مادر وطن کے دفاع کے لیے اپنے غیر متزلزل عزم پر قائم ہیں اور پاکستان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے محافظ کی حیثیت سے ملکی دفاع کے عزم کا اعادہ کرتی ہیں۔ترجمان کے مطابق بانیان پاکستان کا وڑن اور اصول قوم کو پاکستان کے نظریات اور اقدار کی پاسداری کے لیے مسلسل متاثر کرتے ہیں۔ مسلح افواج قوم کے ساتھ متحد ہو کر امن و استحکام کے تحفظ کے لیے ثابت قدم رہیں گی۔79ویں یوم آزادی کے موقع پر کراچی میں بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے مزار پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب بھی منعقد ہوئی۔
پاکستان نیول اکیڈمی کے چاق و چوبند کیڈٹس نے مزار قائد پر اعزازی گارڈز کے فرائض سنبھال لیے۔قومی روایت کے مطابق ہر سال 14 اگست کو پاکستان نیول اکیڈمی کے کیڈٹس مزار قائد پر اعزازی گارڈز کی ذمہ داریاں سنبھالتے ہیں۔ مزار قائد پر تعینات اعزازی گارڈز میں دو دستے شامل ہیں، جن میں ایک پاک بحریہ کے سیلرز جبکہ دوسرا پاکستان نیول اکیڈمی کے کیڈٹس پر مشتمل ہے۔تقریب کے مہمان خصوصی کمانڈنٹ پاکستان نیول اکیڈمی ریئر ایڈمرل محمد عمیر نے مزار قائد پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔
لاہور میں گریٹر اقبال پارک اور لبرٹی چوک پر جشن آزادی کے سلسلے میں شاندار آتش بازی کا مظاہرہ کیا گیا، جسے دیکھنے کے لیے شہریوں کی بڑی تعداد موجود تھی

