**وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے بھائی میر آفتاب خان بگٹی کی زیرِ قیادت بیکڑ میں پروقار تقریب، ضلع بھر میں ہزاروں شہریوں کی شرکت*
ڈیرہ بگٹی(الفجرآن لائن) جشنِ آزادی پاکستان کے موقع پر ضلع ڈیرہ بگٹی کی تاریخ میں پہلی مرتبہ اس قدر وسیع پیمانے پر شاندار اور پُرمسرت تقریبات کا انعقاد کیا گیا، جن میں ضلع کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے ہزاروں شہریوں نے بھرپور شرکت کرکے پاکستان سے اپنی والہانہ محبت، عقیدت اور وابستگی کا اظہار کیا۔جشنِ آزادی کے سلسلے میں ڈیرہ بگٹی کے مختلف علاقوں میں قومی پرچم کشائی کی تقریبات، شاندار ریلیوں، میوزیکل پروگرامز، ثقافتی سرگرمیوں اور آتش بازی کے مظاہروں کا انعقاد کیا گیا۔ تقریبات میں سیاسی و قبائلی عمائدین، سرکاری افسران، نوجوانوں، بچوں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی ڈیرہ بگٹی نارتھ کے علاقے بیکڑ میں وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے بھائی میر آفتاب خان بگٹی کی زیرِ قیادت جشنِ آزادی کی مرکزی اور پروقار تقریب منعقد ہوئی۔
تقریب میں بڑی تعداد میں شہریوں نے شرکت کی اور قومی پرچم تھامے پاکستان زندہ باد کے نعروں کے ساتھ وطن عزیز سے اپنی محبت کا اظہار کیا سوئی میں وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے پٹرولیم و ڈیرہ بگٹی میاں خان کی قیادت میں جشنِ آزادی کی شاندار ریلی نکالی گئی، جس میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ شرکاء نے قومی پرچم لہراتے ہوئے ملک و قوم کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا پاکستان ہاؤس سوئی میں قبائلی رہنما میر جان بگٹی کی قیادت میں بھی جشنِ آزادی کے حوالے سے بڑی ریلی کا انعقاد کیا گیا، جبکہ ڈیرہ بگٹی ٹاؤن میں منعقدہ ریلی میں سینکڑوں شہری شریک ہوئے۔ ریلیوں میں عوام کی بھرپور شرکت نے جشنِ آزادی کے قومی جذبے کو مزید اجاگر کیا۔جشنِ آزادی کی تقریبات کے سلسلے میں سوئی میں ضلعی انتظامیہ کے زیرِ اہتمام شاندار میوزیکل نائٹ کا انعقاد بھی کیا گیا، جس میں مقامی فنکاروں نے اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔ مقامی فنکاروں کی خوبصورت آوازوں، ڈھول کی تھاپ اور روایتی بلوچی رقص نے تقریب میں شریک شائقین کو محظوظ کیا، جبکہ شاندار آتش بازی نے جشن کی خوشیوں کو چار چاند لگا دیے ایف سی ہیڈ کوارٹرز سوئی میں بھی جشنِ آزادی کے موقع پر پروقار پرچم کشائی کی تقریب منعقد ہوئی، جس میں سیاسی و قبائلی عمائدین، سرکاری حکام اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ تقریب کے موقع پر یادگارِ شہداء پر چاک و چوبند دستے نے سلامی پیش کی اور شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے یادگار پر پھولوں کے ہار چڑھائے گئے ضلع ڈیرہ بگٹی کے مختلف علاقوں میں منعقد ہونے والی تقریبات کے دوران عوام کا جوش و خروش دیدنی رہا۔ خواتین، بچوں، نوجوانوں اور بزرگوں سمیت شہریوں نے قومی پرچم اٹھا کر جشنِ آزادی کی خوشیوں میں شرکت کی اور پاکستان سے اپنی گہری محبت و وابستگی کا اظہار کیا۔جشنِ آزادی کی ان شاندار تقریبات نے یہ واضح کیا کہ ڈیرہ بگٹی کے عوام پاکستان کی سلامتی، ترقی، خوشحالی اور استحکام کے لیے متحد ہیں۔ تقریبات کے شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وطن عزیز کی ترقی، امن اور خوشحالی کے لیے قومی جذبے کے ساتھ اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔

