تھائی لینڈ (الفجرآن لائن) تھائی لینڈ کے معروف سیاحتی جزیرے کوہ ساموئی کے قریب جیٹ اسکی الٹنے کے بعد ایک فرانسیسی خاندان 16 گھنٹے سے زائد عرصے تک سمندر میں تیرتا رہا، تاہم ریسکیو ٹیم نے طویل تلاش کے بعد تینوں افراد کو بحفاظت نکال لیا۔
مقامی حکام کے مطابق 50 سالہ فرانسیسی شخص اپنے 5 اور 7 سالہ دو بیٹوں کے ہمراہ جمعرات کی شام تقریباً 5 بجے کوہ ساموئی سے جیٹ اسکی پر روانہ ہوا تھا۔
مقررہ وقت پر واپس نہ پہنچنے پر جیٹ اسکی کے مالک نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ریسکیو ٹیم اور صوبائی حکام کو اطلاع دی۔
حکام کے مطابق ریسکیو کے بعد تینوں کو طبی معائنے کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا۔
جہاں حکام کے مطابق سمندر کا کافی پانی نگلنے اور شدید تھکن کے باوجود ان کی حالت تسلی بخش تھی اور انہیں کچھ ہی دیر بعد اسپتال سے فارغ کردیا گیا۔
مقامی حکام کے مطابق ریسکیو ٹیم نے خاندان کو شدید تھکن کی حالت میں پایا، جبکہ دونوں بچے خاص طور پر زرد اور نڈھال دکھائی دے رہے تھے۔
حکام نے بتایا کہ تحقیقات جاری ہیں کہ جیٹ اسکی سفر شروع کرنے کے صرف 15 منٹ بعد ہی کیوں الٹ گئی۔
فرانسیسی والد نے حکام کو بتایا کہ وہ جیٹ اسکی چلانے کا تجربہ رکھتا ہے۔
تاہم جیٹ اسکی آپریٹر نے مقامی میڈیا کو بتایا کہ خاندان ممکنہ طور پر کرائے کے معاہدے میں طے شدہ علاقے سے باہر چلا گیا تھا۔

