مادرِ وطن کے دفاع میں راشد منہاس شہید کی قربانی شجاعت، وفاداری اور فرض شناسی کی روشن مثال ہے، عسکری قیادت
اسلام آباد (الفجرآن لائن) پاکستان کی مسلح افواج کی قیادت نے پائلٹ آفیسر راشد منہاس شہید، نشانِ حیدر، کو ان کے 55ویں یومِ شہادت پر خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے مادرِ وطن کے دفاع کے لیے ان کی عظیم قربانی کو سلام پیش کیا ہے۔ عسکری قیادت نے کہا ہے کہ راشد منہاس شہید کی لازوال داستانِ شجاعت آج بھی قوم اور مسلح افواج کے لیے عزم، حب الوطنی اور فرض شناسی کا روشن استعارہ ہے۔فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، چیف آف ایئر اسٹاف ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو اور نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف نے اپنے پیغامات میں کہا کہ 20 اگست 1971ء کو پائلٹ آفیسر راشد منہاس شہید نے بے مثال شجاعت، اٹل عزم اور فرض شناسی کی تاریخ رقم کی۔عسکری قیادت کے مطابق راشد منہاس شہید نے ایک غیر معمولی اور نازک صورتِ حال کا سامنا کرتے ہوئے پاکستان کی حاکمیت اور قومی وقار کے تحفظ کے لیے اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا۔ ان کا یہ لاثانی اقدام مادرِ وطن کے دفاع کے لیے شجاعت، وفاداری اور ہمت کی روشن مثال ہے۔بیان میں کہا گیا کہ قوم اور مسلح افواجِ پاکستان اس جری سپوت کو خراجِ عقیدت پیش کرتی ہیں اور ملک کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور قومی مفادات کے تحفظ کے اپنے پختہ عزم کا اعادہ کرتی ہیں۔عسکری قیادت نے کہا کہ راشد منہاس شہید کی لازوال قربانی آنے والی نسلوں کے لیے بھی مشعلِ راہ رہے گی اور ان کی داستانِ شجاعت قوم میں جذبہ حب الوطنی اور وطن کے دفاع کا عزم اجاگر کرتی رہے گی۔#/s#

