اسلام آباد( االفجر آن لائن) سپریم کورٹ کے رجسٹرار آفس نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی شفا اسپتال منتقلی سے متعلق عدالتِ عظمی کے فیصلے کے خلاف دائر نظرثانی درخواست پر اعتراضات عائد کرتے ہوئے اسے واپس کر دیا ۔ذرائع کے مطابق رجسٹرار آفس کی جانب سے عائدکئے گئے اعتراضات میں بتایا گیا ہے کہ درخواست کے ساتھ ضروری پیپر بکس اور قانونی دستاویزات مکمل نہیں تھیں، جس کے باعث اپیل کو موجودہ حالت میں دائر نہیں کیا جا سکتا۔رجسٹرار آفس نے قواعد و ضوابط کے تحت ابتدائی جائزہ لینے کے بعد یہ فائل اعتراض لگا کر واپس بھیج دی ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ چیف کمشنر اسلام آباد اور ان کی قانونی ٹیم رجسٹرار آفس کی جانب سے اٹھائے گئے ان اعتراضات کو دور کرنے پر کام کر رہی ہے۔ پیپر بکس کی تکنیکی خامیوں کو درست کرنے اور تمام مطلوبہ دستاویزات کو مکمل کرنے کے بعد اس نظرثانی درخواست کو دوبارہ سپریم کورٹ میں دائر کیا جائے گا تاکہ عدالتِ عظمی سے سابقہ فیصلے پر ازسرِ نو غور کرنے کی استدعا کی جا سکے۔واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے 2 روز قبل عمران خان کو شفا اسپتال منتقل کرنے کا حکم دیا تھا مگر تاحال انہیں اسپتال منتقل نہیں کیا گیا۔بعد ازاں چیف کمشنر اسلام آباد نے ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد کے توسط سے عمران خان کی اسپتال منتقلی کے فیصلے پر نظرثانی درخواست دائر کی تھی۔

