حب (الفجرآن لائن): کمشنر لسبیلہ ڈویژن سائرہ عطاء نے اٹک سیمنٹ فیکٹری کا ایک اہم دورہ کیا، جہاں پہنچنے پر فیکٹری کے سینئر مینیجر شاکر حسین اور سینئر ایڈمنسٹریٹیو آفیسر کرنل رضا اللہ نے ان کا پرجوش استقبال کیا۔ دورے کے دوران فیکٹری انتظامیہ نے کمشنر لسبیلہ کو صنعتی ادارے کی مجموعی کارکردگی، پیداواری سرگرمیوں اور کارپوریٹ سوشل ریسپانسبلٹی کے تحت جاری فلاحی منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی۔
کمشنر سائرہ عطاء نے کارخانے میں کام کرنے والے محنت کشوں کے لیے نافذ العمل ہیلتھ اینڈ سیفٹی ایس او پیز اور لیبر ویلفیئر کے اقدامات کو کو قابلِ تحسین قرار دیا۔ انہوں نے صحت، تعلیم اور مقامی کمیونٹی کی بہتری کے لیے اٹھائے گئے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ملکی صنعتی اداروں کا مقامی آبادی کی فلاح و بہبود میں کردار انتہائی اہم ہے۔ دورے کے اختتام پر کمشنر لسبیلہ نے شجرکاری مہم کے تحت فیکٹری کے احاطے میں پودا بھی لگایا اور اس امید کا اظہار کیا کہ اٹک سیمنٹ انتظامیہ علاقے میں معاشی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ ماحولیاتی بہتری میں بھی اپنا بھرپور کردار ادا کرتی رہے گی۔

