اسلام آباد (الفجرآن لائن): کامسیٹس یونیورسٹی اسلام آباد نے ‘یو ایس نیوز اینڈ ورلڈ رپورٹ’ کی تازہ ترین عالمی درجہ بندی (2026–2027) میں پاکستان بھر میں پہلا مقام حاصل کر کے ملک کی نمبر ون یونیورسٹی ہونے کا اعزاز اپنے نام کر لیا ہے۔ بین الاقوامی سطح پر شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے یونیورسٹی نے 52 کے مجموعی اسکور کے ساتھ دنیا بھر کی جامعات میں 410ویں پوزیشن حاصل کی ہے، جو کہ اس کے اعلیٰ تحقیقی معیار، سائنسی ترقی اور عالمی تعاون کی عکاسی کرتی ہے۔ اس باوقار درجہ بندی میں قائد اعظم یونیورسٹی 451ویں، یونیورسٹی آف لاہور 479ویں اور نسٹ 590 نمبر پر رہی ہیں۔ کامسیٹس نے ریاضی میں دنیا بھر میں 28واں اور مصنوعی ذہانت میں 178واں مقام حاصل کر کے اپنی تعلیمی برتری کو ثابت کیا ہے، جس پر ریکٹر یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر راحیل قمر نے اسے ملکی سطح پر علم و تحقیق کے لیے ایک تاریخی سنگِ میل قرار دیا ہے

