راولپنڈی/اسلام آباد(الفجرآن لائن) بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان کو سخت سکیورٹی حصار میں اڈیالہ جیل سے اسلام آباد کے شفا انٹرنیشنل اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق ان کی منتقلی کے لیے پولیس، ایمبولینس اور ریسکیو 1122 کی گاڑیاں پر مشتمل سکیورٹی انتظامات کیے گئے تھے۔
عمران خان کی اسپتال منتقلی سپریم کورٹ کے حالیہ حکم کے تناظر میں عمل میں آئی ہے، جس میں عدالت نے سابق وزیراعظم کو طبی معائنے اور علاج کے لیے شفا انٹرنیشنل اسپتال منتقل کرنے کی ہدایت کی تھی۔ عدالت نے طبی معائنے کے عمل میں عمران خان کے ذاتی معالج کی شمولیت کی بھی اجازت دی تھی۔
رپورٹس کے مطابق عمران خان کو اڈیالہ جیل کے گیٹ نمبر ایک سے اسپتال روانہ کیا گیا، جبکہ ان کے ہمراہ سکیورٹی اہلکاروں کے علاوہ ایمبولینس اور ریسکیو گاڑیاں بھی موجود تھیں۔ ان کی بہن ڈاکٹر عظمیٰ اور ذاتی معالج ڈاکٹر فیصل سلطان بھی منتقلی کے موقع پر ساتھ تھے۔
یہ پیش رفت عمران خان کی صحت سے متعلق جاری خدشات اور ان کے طبی معائنے کے حوالے سے سامنے آنے والے مطالبات کے بعد ہوئی ہے۔ حکومت کی جانب سے سپریم کورٹ کے اسپتال منتقلی کے فیصلے پر نظرثانی کی کوشش بھی کی گئی تھی، تاہم تازہ رپورٹس کے مطابق عدالتی حکم کے تحت انہیں اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

