کوئٹہ (الفجرآن لائن)۔معاون وزیر اعلیٰ بلوچستان برائے اطلاعات و سیاسی امور شاہد رند نے صوبے میں دہشت گردوں کے خلاف سکیورٹی فورسز کی حالیہ کارروائیوں کو زبردست خراج تحسین پیش کیا ہے۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے مستونگ، مچھ، خضدار اور پنجگور میں سکیورٹی فورسز کے ہاتھوں 37 دہشت گردوں کے خاتمے کو ایک اہم اور بڑی کامیابی قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ سکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیت، مؤثر حکمت عملی اور قربانیاں پوری قوم کے لیے باعث فخر ہیں اور ان کامیاب کارروائیوں نے امن دشمن عناصر کو منہ توڑ جواب دیا ہے۔
شاہد رند نے واضح کیا کہ صوبائی حکومت بلوچستان میں امن و استحکام کو نقصان پہنچانے کی ہر سازش کو ناکام بنائے گی اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک یہ انسداد دہشت گردی کارروائیاں جاری رہیں گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت سکیورٹی اداروں کے ساتھ مکمل تعاون جاری رکھے گی اور کسی بھی شرپسند عنصر کو عوام کے امن، ترقی اور خوشحالی کو سبوتاژ کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ بلوچستان کے عوام امن اور ترقی کے خواہاں ہیں اور دہشت گردی ان کے عزم کو کمزور نہیں کر سکتی

