کوئٹہ (الفجرآن لائن) حکومت بلوچستان نے صوبے میں امن و امان کے خلاف سرگرمیوں میں ملوث ہونے کے الزام میں مطلوب نو خواتین سے متعلق معلومات فراہم کرنے پر 10 سے 15 لاکھ روپے تک انعام مقرر کر دیا ہے۔ حکام کے مطابق مطلوب خواتین کا تعلق گوادر، جیونی اور تربت کے علاقوں سے بتایا گیا ہے، جبکہ اطلاع فراہم کرنے والوں کی شناخت صیغہ راز میں رکھنے کی یقین دہانی کرائی گئی ہےحکومت بلوچستان کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق مطلوب خواتین میں حنیفاں بی بی، عائشہ، رقیہ، حفصہ، زہرہ، امینہ بانی، زرمین اور عزیزاں سمیت دیگر شامل ہیں۔ حکام کے مطابق آٹھ مطلوب خواتین کے بارے میں قابلِ اعتماد معلومات فراہم کرنے پر فی کس 10 لاکھ روپے جبکہ عزیزاں کے بارے میں اطلاع دینے پر 15 لاکھ روپے انعام مقرر کیا گیا ہے۔حکومت بلوچستان کا کہنا ہے کہ مذکورہ خواتین مبینہ طور پر صوبے میں امن دشمن سرگرمیوں سے وابستہ عناصر کے ساتھ منسلک ہیں اور سادہ لوح خواتین کو ورغلا کر بدامنی پھیلانے کی کوششوں میں استعمال کیے جانے کے الزامات کا سامنا ہے۔حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ مطلوب خواتین کے بارے میں کسی بھی قسم کی مصدقہ اطلاع حکومت بلوچستان کے مقرر کردہ رابطہ نمبروں پر فراہم کریں۔ حکومت کے مطابق اطلاع دینے والے افراد کی شناخت مکمل طور پر خفیہ رکھی جائے گی

