نیویارک (الفجر آن لائن) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سی این این، ایم ایس ناؤ اور پولیٹیکو کو وائٹ ہاؤس میں داخلے سے روکنے کا اعلان کردیا۔
ٹرمپ نے تینوں میڈیا اداروں پر اپنے خلاف ناموافق کوریج اور ”جعلی خبریں“ نشر کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے مزید میڈیا اداروں کو بھی پابندی کی فہرست میں شامل کرنے کا عندیہ دیا ہے۔
ٹرمپ نے اپنے سماجی رابطے کے پلیٹ فارم پر لکھا کہ ”فوری طور پر میں سی این این، ایم ایس ناؤ اور پولیٹیکو کو وائٹ ہاؤس سے روک رہا ہوں، کیونکہ وہ مسلسل جعلی خبریں نشر کر رہے ہیں۔“
اوول آفس میں ایک تقریب کے دوران ٹرمپ سے اپنے بیان کی وضاحت طلب کی گئی تو انہوں نے کہا کہ ”کیونکہ وہ جعلی خبریں ہیں۔ آپ جعلی خبریں پڑھتے اور دیکھتے دیکھتے تھک جاتے ہیں۔“
انہوں نے سی این این کو بھی جعلی قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس کی درجہ بندی بھی اچھی نہیں ہے۔ ٹرمپ نے ایم ایس ناؤ اور پولیٹیکو پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پولیٹیکو کی جانب سے شائع کی گئی بعض خبریں جعلی تھیں۔
انہوں نے کہا کہ مزید میڈیا ادارے بھی اس فہرست میں شامل ہوسکتے ہیں اور انہیں اپنی کوریج بہتر بنانی چاہیے، کیونکہ ”ہمارے ملک کو دیانت دار خبریں درکار ہیں۔“
امریکی صدر نے تاہم یہ واضح نہیں کیا کہ میڈیا اداروں پر عائد کی جانے والی پابندی پر عمل درآمد کس طرح ہوگا۔
جمعہ کی سہ پہر تک سی این این، ایم ایس ناؤ اور پولیٹیکو کے صحافی وائٹ ہاؤس کے احاطے میں موجود تھے اور انہیں وہاں سے نکالنے کے کوئی آثار نہیں تھے۔
ٹرمپ کے اس اعلان کے آزادیئ صحافت اور امریکی آئین کی پہلی ترمیم کے حوالے سے قانونی مضمرات بھی سامنے آسکتے ہیں۔
میڈیا اداروں کے ساتھ صدر ٹرمپ کے متعدد تنازعات اس سے قبل بھی قانونی مراحل تک پہنچ چکے ہیں۔

