راولپنڈی (الفجرآن لائن): بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائیاں کرتے ہوئے 21 ستمبر 2026 سے اب تک 33 غیر ملکی سرپرستی میں کام کرنے والے دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق یہ کارروائیاں دہشت گرد نیٹ ورکس ‘فتنہ الخوارج’ اور ‘فتنہ ہندوستان’ کے خلاف جاری جامع مہم کا حصہ ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق 24 ستمبر کو ‘آپریشن شعبان’ کے تسلسل میں سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے خفیہ ٹھکانوں پر چھاپہ مارا۔ شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد 5 مزید دہشت گرد مارے گئے، جس سے اس مخصوص آپریشن میں ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کی مجموعی تعداد 22 ہو گئی ہے۔ آپریشن کے دوران ٹھکانوں سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد کیا گیا ہے۔ مزید برآں، 25 ستمبر کو ضلع نوشکی میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر ایک اور کامیاب آپریشن کیا گیا جہاں سیکیورٹی فورسز نے کارروائی کرتے ہوئے 11 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ متعلقہ علاقوں میں خطرے کے مکمل خاتمے تک کلیئرنس آپریشنز کا سلسلہ بلاتعطل جاری رہے گا۔ نیشنل ایکشن پلان کی وفاقی ایپکس کمیٹی کی منظوری کے تحت، سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے وژن "عزمِ استحکام” کے تحت ملک سے غیر ملکی سرپرستی میں چلنے والی دہشت گردی کی لعنت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے پوری قوت کے ساتھ کارروائیاں جاری رکھیں گے۔

