کوئٹہ ( الفجرآن لائن):وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے صوبے میں دہشت گرد عناصر کے خلاف سکیورٹی فورسز کی حالیہ مؤثر کارروائیوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں امن و امان کے قیام کے لیے سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں قابلِ فخر ہیں اور پوری قوم اپنے بہادر جوانوں کی بے مثال قربانیوں کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔
وزیر اعلیٰ نے سکیورٹی فورسز کی حکمت عملی کو سراہتے ہوئے کہا کہ نوشکی میں 11 دہشت گردوں کا خاتمہ فورسز کی بہترین حکمت عملی اور بروقت کارروائی کا نتیجہ ہے۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے ‘آپریشن شبان’ کا خصوصی ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے مزید ٹھکانوں کا خاتمہ ایک انتہائی اہم کامیابی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں فرنٹ لائن پر رہ کر قربانیاں دی ہیں۔
میر سرفراز بگٹی نے مزید کہا کہ بلوچستان کے عوام امن دشمن عناصر کے ناپاک عزائم کو یکسر مسترد کرچکے ہیں اور دہشت گردی کے ذریعے صوبے میں خوف و ہراس پھیلانے والوں کو کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ عزمِ استحکام کے تحت انسدادِ دہشت گردی کی کارروائیاں دراصل ہمارے مضبوط قومی عزم کی عکاس ہیں اور صوبے سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک تمام ریاستی اداروں کی مشترکہ کاوشیں اور آپریشنز بلا تعطل جاری رہیں گے۔

