کوئٹہ (الفجرآن لائن) معاون برائے محکمہ داخلہ بلوچستان بابر یوسفزئی نے نوشکی میں سیکیورٹی فورسز کی جانب سے کی جانے والی حالیہ کامیاب کارروائی کو دہشت گردی کے خلاف ایک بڑی اور مؤثر پیش رفت قرار دیا ہے۔ انہوں نے سیکیورٹی اداروں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ انٹیلی جنس معلومات پر مبنی اس کارروائی میں 11 دہشت گردوں کا خاتمہ فورسز کی اعلیٰ کارکردگی اور بہترین حکمت عملی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
بابر یوسفزئی نے اپنے بیان میں واضح کیا کہ ‘آپریشن شبان’ کے تحت امن دشمن عناصر اور دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنانا اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ ریاستی ادارے ملک سے بدامنی پھیلانے والوں کے مکمل خاتمے کے لیے مضبوط عزم رکھتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ عزمِ استحکام کے تحت انسدادِ دہشت گردی کی یہ کارروائیاں ملک اور بالخصوص بلوچستان میں پائیدار امن کے قیام کے عزم کا واضح اظہار ہیں۔
معاون داخلہ بلوچستان کا کہنا تھا کہ صوبے میں سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مسلسل کارروائیاں قابلِ تحسین اور خوش آئند ہیں۔ بلوچستان کے عوام امن، ترقی اور خوشحالی کے خواہاں ہیں اور وہ دہشت گردی کے خلاف جاری اس جنگ میں اپنے ریاستی اداروں اور سیکیورٹی فورسز کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ بلوچستان میں پائیدار امن کے قیام اور دہشت گردی کے جڑ سے خاتمے تک ریاستی اداروں کی یہ جدوجہد بلا تعطل جاری رہے گی۔

