کوئٹہ (ویب ڈیسک):چیف منسٹر انیشیٹوز کے تحت محکمہ صحت بلوچستان نے ضلع زیارت میں امراضِ گردہ کے مریضوں کے لیے ڈائلاسسز مرکز کو کامیابی سے فعال کردیا ہے۔ صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ کے مطابق اس نئے مرکز کے فعال ہونے کے بعد صوبے بھر میں فعال ڈائلاسسز مراکز کی مجموعی تعداد 28 ہوگئی ہے۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ رواں سال کے اختتام تک بلوچستان کے تمام باقی ماندہ اضلاع میں بھی ڈائلاسسز مراکز قائم اور فعال کردیئے جائیں گے تاکہ صوبے کے پسماندہ اور دور دراز علاقوں کے عوام کو صحت کی بنیادی سہولیات ان کی دہلیز پر فراہم کی جا سکیں۔
وزیر صحت کا مزید کہنا تھا کہ ان مراکز کے قیام کا بنیادی مقصد غریب اور مستحق مریضوں کو مقامی سطح پر بروقت اور مفت علاج کی سہولت فراہم کرنا ہے، جس کے بعد اب امراضِ گردہ کے مریضوں کو ڈائلاسسز کے لیے کوئٹہ یا دیگر دور دراز شہروں کا مہنگا اور تھکا دینے والا سفر نہیں کرنا پڑے گا۔ زیارت میں فعال ہونے والے مرکز پر مریضوں کو ڈائلاسسز سمیت تمام ضروری طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں، اور حکومت صوبے کے دیگر حصوں میں بھی اس نیٹ ورک کو تیزی سے پھیلانے کے لیے کام کر رہی ہے

