بارود سے بھری گاڑی چیک پوسٹ سے ٹکرانے کے بعد شدید دھماکا، شہداء میں 6 پولیس اہلکار، 2 کسٹمز اہلکار، 2 خواتین اور 2 سالہ بچہ شامل، سیکیورٹی فورسز کا علاقے میں سرچ آپریشن
ڈیرہ اسماعیل خان(الفجر آن لائن) ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے درازندہ میں ڈی آئی خان، کوئٹہ روڈ پر واقع انسدادِ اسمگلنگ امن میلہ پولیس چیک پوسٹ پر مبینہ خودکش حملے کے نتیجے میں 11 افراد شہید جبکہ پولیس اہلکاروں، کسٹمز حکام اور عام شہریوں سمیت 30 سے زائد افراد زخمی ہوگئے۔ذرائع کے مطابق بارود سے بھری گاڑی کو مبینہ طور پر انسدادِ اسمگلنگ چیک پوسٹ سے ٹکرایا گیا، جس کے نتیجے میں انتہائی شدید نوعیت کا دھماکا ہوا۔ دھماکے کی شدت کے باعث چیک پوسٹ اور اطراف کے علاقے میں بڑے پیمانے پر نقصان کی اطلاعات ہیں۔
ذرائع کے مطابق شہید ہونے والوں میں 6 پولیس اہلکار، 2 کسٹمز اہلکار، 2 خواتین اور 2 سالہ بچہ شامل ہے۔ دھماکے میں 30 سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں جن میں پولیس اہلکار، کسٹمز حکام اور عام شہری بھی شامل ہیں۔
زخمیوں میں بعض افراد کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے، جس کے باعث حکام کی جانب سے مزید جانی نقصان کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔ زخمیوں کو فوری طور پر قریبی طبی مراکز منتقل کیا گیا، جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔واقعے کے فوری بعد سیکیورٹی فورسز کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔ سیکیورٹی اہلکاروں نے شواہد اکٹھے کرنے کے ساتھ علاقے میں سرچ آپریشن بھی شروع کردیا ہے۔ذرائع کے مطابق ابتدائی طور پر واقعے کو مبینہ خودکش حملہ قرار دیا جارہا ہے، تاہم حملے کی مکمل نوعیت، ذمہ دار عناصر اور دیگر تفصیلات کے تعین کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔
ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ انسدادِ اسمگلنگ چیک پوسٹ کو نشانہ بنانا دہشت گرد عناصر اور جرائم پیشہ گروہوں کے ممکنہ باہمی تعلق کی جانب بھی اشارہ کرتا ہے، تاہم اس دعوے کی آزادانہ طور پر تصدیق ہونا باقی ہے۔واقعے کے بعد علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا جبکہ مقامی افراد میں سیکیورٹی صورتحال پر تشویش پائی جاتی ہے۔ سیکیورٹی اداروں نے علاقے میں نگرانی مزید سخت کردی ہے۔

