شعبان، نوشکی اور مند میں کارروائیاں، متعدد دہشت گرد ٹھکانے تباہ، اسلحہ و گولہ بارود برآمد کرلیاگیا ہے، آئی ایس پی آر
عزمِ استحکام کے وژن کے تحت ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے کارروائیاں بھرپور عزم کے ساتھ جاری رکھنے کا اعلان
راولپنڈی(الفجر آن لائن) بلوچستان میں بھارتی سرپرستی اور افغان سرزمین سے منسلک دہشت گرد عناصر کے خلاف سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں جاری ہیں، جن میں گزشتہ4دنوں کے دوران 71 سے زائد دہشت گرد ہلاک کیے گئے ہیں۔ ترجمان افواج پاکستان آئی ایس پی آر کے مطابق کوئٹہ کے علاقے شعبان، زیارت اور گردونواح میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر آپریشن شعبان کا آغاز کیا گیا۔ کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے متعدد ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا اور شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد 33 دہشت گرد ہلاک ہوئے، جبکہ بڑی مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور بارودی مواد بھی برآمد کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق گزشتہ 72 گھنٹوں کے دوران آپریشن مزید تیز کیا گیا، جس کے نتیجے میں مزید 23 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔ سیکیورٹی فورسز نے وسیع علاقے کو کلیئر کرتے ہوئے مقامی آبادی کو دہشت گردی کے خطرے سے محفوظ بنایا۔ترجمان کے مطابق 25 ستمبر کو ضلع نوشکی میں ایک الگ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے ٹھکانے کو نشانہ بنایا گیا، جس میں 11 دہشت گرد ہلاکہوئے۔ مند کے علاقے میں بھی کارروائی کے دوران مزید 6 دہشت گرد ہلاک کیے گئے اور بھاری مقدار میں اسلحہ و گولہ بارود برآمد ہوا۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ شعبان اور دیگر علاقوں میں کلیئرنس آپریشن دہشت گردوں کے مکمل خاتمے تک جاری رہے گا۔عزمِ استحکام کے وژن کے تحت ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے کارروائیاں بھرپور عزم کے ساتھ جاری رکھنے کا اعلان کیا گیا ہے۔

