کوئٹہ(الفجرآن لائن) معاون برائے داخلہ بلوچستان بابر یوسفزئی نے شعبان، زیارت، نوشکی اور مند میں سیکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائیوں کو زبردست الفاظ میں سراہتے ہوئے کہا ہے کہ ان آپریشنز کے دوران 71 سے زائد دہشت گردوں کا خاتمہ ریاست کی ایک بڑی کامیابی ہے۔ انہوں نے واشگاف الفاظ میں کہا کہ سیکیورٹی فورسز نے ایک بار پھر ثابت کر دیا ہے کہ ملک دشمن عناصر کے خلاف کارروائیوں میں کسی قسم کا کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور بلوچستان کے امن کے دشمنوں کے خلاف یہ مؤثر ترین کارروائیاں پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہیں۔
معاون داخلہ نے مزید کہا کہ دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود کی برآمدگی سیکیورٹی فورسز کی بہترین انٹیلی جنس اور پیشہ ورانہ مہارت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ان بروقت کارروائیوں سے دہشت گردوں کے نیٹ ورکس کو شدید نقصان پہنچا ہے اور امن کے دشمنوں کے لیے یہ واضح پیغام ہے کہ ریاست دہشت گردی کے جڑ سے خاتمے کے لیے پوری قوت کے ساتھ میدان میں موجود ہے۔ بابر یوسفزئی نے عزم کا اظہار کیا کہ حکومتِ بلوچستان اور صوبے کے عوام سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور دہشت گردی کے خلاف اس جنگ میں پوری قوم متحد ہے

