ملتان(الفجر آن لائن) ایف آئی اے امیگریشن نے ملتان ایئرپورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے عمرہ ویزے کی آڑ میں خاتون کو مبینہ طور پر جنسی استحصال کے لیے بیرونِ ملک بھجوانے کی کوشش ناکام بنا دی، جبکہ ایک ایجنٹ کو گرفتار کرلیا گیا۔
ایف آئی اے ترجمان کے مطابق خاتون مسافر انیشہ بی بی پرواز نمبر ایس وی 801 کے ذریعے عمرہ ویزے پر سعودی عرب روانہ ہو رہی تھی۔
امیگریشن کلیئرنس کے دوران مشکوک ہونے پر خاتون کو مزید جانچ پڑتال کے لیے شفٹ انچارج کے حوالے کیا گیا۔
ترجمان کے مطابق ابتدائی تفتیش اور خاتون کے موبائل فونز، چیٹس اور دیگر ڈیجیٹل مواد کی جانچ کے دوران تجارتی جنسی استحصال سے متعلق مبینہ شواہد سامنے آئے۔
تحقیقات میں یہ بھی انکشاف ہوا کہ سعودی عرب میں مقیم ایک ایجنٹ مبینہ طور پر عمرہ ویزے کی آڑ میں خواتین کو سعودی عرب بھجوانے کے انتظامات کر رہا تھا۔
ایف آئی اے نے خاتون کی نشاندہی پرمحمد امجد نامی ایجنٹ کو ملتان ایئرپورٹ سے گرفتار کرلیا، جبکہ خاتون مسافر سمیت گرفتار ایجنٹ کو مزید قانونی کارروائی کے لیے ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل ملتان کے حوالے کردیا گیا۔
ترجمان ایف آئی اے ملتان زون کے مطابق معاملے کی مزید تحقیقات جاری ہیں اور مبینہ منظم نیٹ ورک میں ملوث دیگر عناصر کی شناخت کے لیے تحقیقات کا دائرہ وسیع کردیا گیا ہے۔
ملوث تمام افراد کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

