لاہور(الفجرآن لائن) وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا ہے کہ سستا پیٹرول اسکیم سے اب تک 60 لاکھ سے زائد مستحق افراد مستفید ہوچکے ہیں، حکومت عوام کو ریلیف دینے کیلئے اپنے وسائل میں کٹوتی کرنے کو تیار ہے اور اگر ضرورت پڑی تو سستا پیٹرول اسکیم مزید 10 ماہ تک جاری رکھی جائے گی۔
لاہور میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر پیٹرولیم نے کہا کہ حکومت سستے پیٹرول کی اسکیم کیلئے اپنے بجٹ اور وسائل میں کٹوتی کرے گی تاکہ عوام کو ریلیف فراہم کیا جاسکے۔
اگر اسکیم کو مزید 10 ماہ تک جاری رکھنا پڑا تو حکومت اپنے بجٹ سے 400 سے 500 ارب روپے تک کم کرکے یہ رقم عوام پر خرچ کرے گی۔
علی پرویز ملک نے کہا کہ سستا پیٹرول اسکیم کا مقصد مستحق افراد کو پیٹرول کی بڑھتی قیمتوں کے اثرات سے ریلیف فراہم کرنا ہے اور اس پروگرام سے 60 لاکھ سے زائد افراد فائدہ اٹھا چکے ہیں۔
وفاقی وزیر نے گزشتہ ہفتے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے حوالے سے اپنے بیان کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ان کے بیان کو غلط انداز میں پیش کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ انہوں نے یہ کہا تھا کہ اگر ملک میں پیٹرول کی قلت پیدا ہوئی تو قیمتوں کو کنٹرول کرنا ممکن نہیں ہوگا، تاہم پاکستان میں تیل کی قلت کبھی پیدا نہیں ہوگی۔
ان کا کہنا تھا کہ ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی دستیابی کو یقینی بنانا حکومت کی ترجیح ہے اور عوام کو تیل کی قلت کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا

