اسلام آباد (الفجرآن لائن) نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنس (این سی سی آئی اے) راولپنڈی نے سائبر فراڈ کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے سیٹلائٹ ٹاؤن کی کمرشل مارکیٹ میں قائم مبینہ غیر قانونی کال سینٹر پر چھاپہ مار کر 61 افراد کو گرفتار کرلیا۔
کارروائی کے دوران بڑی تعداد میں موبائل فونز اور لیپ ٹاپس بھی برآمد کیے گئے۔ ترجمان این سی سی آئی اے کے مطابق کارروائی کے دوران 71 موبائل فونز اور 155 لیپ ٹاپس قبضے میں لیے گئے۔
ترجمان کے مطابق گرفتار افراد مبینہ طور پر فارن لون ریکوری اسکیم کے ذریعے بین الاقوامی فراڈ میں ملوث تھے اور شہریوں کو دھمکیاں دے کر ان سے رقوم بٹورتے تھے۔
این سی سی آئی اے کے مطابق گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے جبکہ واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔
ڈی جی نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی نے کہا ہے کہ غیر قانونی کال سینٹرز ملک کی ساکھ کے لیے خطرہ ہیں۔
انہوں نے سائبر فراڈ میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔
ترجمان نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ کسی بھی سائبر جرم یا آن لائن فراڈ کی اطلاع ہیلپ لائن 1799 پر دیں یا قریبی این سی سی آئی اے سرکل میں رپورٹ کریں

