اسلام آباد/کوئٹہ(مطیع اللہ مطیع)پاکستان کے معروف ٹیلی کام آپریٹر، پاک ٹیلی کام موبائل لمیٹڈ (پی ٹی ایم ایل) نے پاکستان میں ایپل کے مجاز ڈسٹری بیوٹر اور سروس فراہم کنندہ، جی نیکسٹ (GNEXT) کے ساتھ شراکت داری قائم کرلی ہے،
جس کے تحت پاکستان میں آئی فون کی جدید ترین مصنوعات متعارف کرائی جائیں گی،
جن میں آئی فون 18 پرو (iPhone 18 Pro)، آئی فون 18 پرو میکس (iPhone 18 Pro Max) اور ڈیوو (DUO) شامل ہیں۔
یہ شراکت داری 5G کو سپورٹ کرنے والے موبائل فونز اور جدید ترین 5G کنیکٹیویٹی کو یکجا کرکے پی ٹی ایم ایل کے صارفین کو اعلیٰ ترین ڈیجیٹل تجربے کی فراہمی کو یقینی بنائے گی۔
اس سلسلے میں پی ٹی ایم ایل کے چیف کمرشل آفیسر، سید عاطف رضا اور جی نیکسٹ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر شاہد خان نے اسلام آباد میں شراکت داری کے معاہدے پر دستخط کیے۔
اس تعاون کے تحت پی ٹی ایم ایل کی ملک گیر رسائی اور کنیکٹیویٹی ایکو سسٹم جبکہ جی نیکسٹ کی ڈیوائس ڈسٹری بیوشن کی صلاحیتوں کے ذریعے پی ٹی ایم ایل کے صارفین کو جدید ترین آئی فون ماڈلز کے حصول کے لیے ایک آسان اور قابلِ اعتماد ذریعہ میسر آئے گا۔
بکنگ اور رجسٹریشن کا عمل پی ٹی ایم ایل کے ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے ذریعے کیا جا سکے گا، جن میں اِن ایپ ویب ویو، سوشل میڈیا اور یوفون اور ٹیلی نار پاکستان کی آفیشل ویب سائٹس شامل ہیں۔
صارفین یہ آفر کراچی، لاہور، اسلام آباد اور راولپنڈی میں یوفون – ٹیلی نار پاکستان کی جائنٹ شاپس سے بھی حاصل کر سکیں گے۔
اس آفر کے تحت صارفین کو محدود تعداد میں دستیاب تحائف بھی پہلے آئیے، پہلے پائیے کی بنیاد پر فراہم کیے جائیں گے، جن میں ایپل ایئر پوڈز اور اڈاپٹرز شامل ہیں۔
اس کے علاوہ صارفین کو چھ ماہ کے لیے ایک ٹیرا بائٹ ڈیٹا کے ساتھ مفت ای سم (eSIM) بھی فراہم کی جائے گی۔ آفر میں ایک سال کے لیے فرنٹ اور بیک گلاس کی ایک مرتبہ کوریج کے ساتھ شیلڈ پلس (Shield+) پروگرام کے تحت دو سال کی وارنٹی کوریج بھی شامل ہے۔علاوہ ازیں، 5G کو سپورٹ کرنے والی آئی فون 18 پرو سیریز ایک ایسے موقع پر متعارف کرائی جا رہی ہے،
جب پاکستان 5G دور میں داخل ہو رہا ہے۔ پی ٹی ایم ایل اپنے مضبوط 5G اسپیکٹرم اور آئی فون کی معیاری ڈیوائسز کے ملاپ سے صارفین کو تیز رفتار اور بامعنی ڈیجیٹل تجربات فراہم کرنے کے لیے کوشاں ہے۔
پاکستان میں پی ٹی ایم ایل کے پاس عالمی معیار کے 3.5 گیگا ہرٹز (GHz) اسپیکٹرم کا سب سے بڑا حصہ موجود ہے، جبکہ اس کا کم، درمیانی اور بڑی فریکوئنسی بینڈز پر مشتمل متنوع اسپیکٹرم پورٹ فولیو ملک بھر میں تیز رفتار کنیکٹیویٹی اور وسیع کوریج کی صلاحیت رکھتا ہے۔
شراکت داری کے حوالے سے اظہارِ خیال کرتے ہوئے چیف کمرشل آفیسر، پی ٹی ایم ایل، سید عاطف رضا نے کہا، ”جی نیکسٹ کے ساتھ پی ٹی ایم ایل کی شراکت داری اپنے صارفین کیلئے جدید اور انقلابی ٹیکنالوجی تک رسائی بڑھانے کے ہمارے عزم کی عکاس ہے۔
ہمارا مقصد ایپل کی معیاری ڈیوائسز کو پی ٹی ایم ایل کی 5G صلاحیت کے ساتھ یکجا کرکے صارفین کو ایک بہتر اور بااختیار ڈیجیٹل تجربہ فراہم کرنا ہے۔
ہم نئی ٹیکنالوجیز کو اپنے صارفین کے لیے مزید قابلِ رسائی بنانے کے لیے جدت کا سلسلہ جاری رکھنے اور باہمی تعاون کے نئے مواقع تلاش کرنے کے لیے پُرعزم ہیں۔“جی نیکسٹ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر شاہد خان نے کہا، ”پاکستان ڈیجیٹل کنیکٹیویٹی کے ایک نئے اور دلچسپ دور میں داخل ہو رہا ہے
اور ہمیں خوشی ہے کہ جی نیکسٹ کے قابلِ اعتماد ایکو سسٹم کے ذریعے ہم جدید ترین ایپل ٹیکنالوجی کو صارفین کے لیے مزید قابلِ رسائی بنانے میں اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔
پی ٹی ایم ایل کے ساتھ ہماری شراکت داری ایپل ڈیوائسز کی تقسیم اور صارفین کو معاونت فراہم کرنے میں جی نیکسٹ کی مہارت اور پی ٹی ایم ایل کی کنیکٹیویٹی صلاحیتوں کو بروئے کار لائے گی،
جس سے صارفین کو آئی فون کی جدید ترین ٹیکنالوجی سے استفادہ کرنے کا ایک آسان اور مربوط ذریعہ حاصل ہوگا۔“
یوفون اور ٹیلی نار پاکستان کے ڈیجیٹل ایکو سسٹمز اور اسپیکٹرم اثاثوں کے انضمام سے مزید مضبوط ہونے کے بعد، پی ٹی ایم ایل روایتی کنیکٹیویٹی سے آگے بڑھ کر صارفین کی زندگی کے مختلف پہلوؤں میں مثبت تبدیلی لا رہا ہے اور انہیں زیادہ مربوط اور جدید ڈیجیٹل طرزِ زندگی سے لطف اندوز ہونے کے مواقع فراہم کر رہا ہے۔

