کوئٹہ (الفجرآن لائن)بلوچستان میں جدید عوامی ٹرانسپورٹ کے شعبے میں ایک تاریخی سنگ میل عبور کر لیا گیا ہے۔ وفاقی وزیر برائے ریلویز حنیف عباسی نے چیف منسٹر سیکرٹریٹ کوئٹہ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے خصوصی ملاقات کی۔ اس ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے صوبے میں پہلی بار شروع کی جانے والی ‘جناح میٹرو ٹرین سروس’ کے کامیاب آغاز پر انتہائی مسرت اور اطمینان کا اظہار کیا۔
وفاقی وزیر ریلویز حنیف عباسی نے میٹرو ٹرین سروس کے آغاز پر وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی کو خصوصی مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے بلوچستان حکومت کے عزم کو سراہتے ہوئے کہا کہ عوام کو سفری سہولیات کی فراہمی کے اس منصوبے پر صوبائی حکومت کی کمٹمنٹ قابلِ ستائش ہے۔ وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ بلوچستان نے اس جدید میٹرو ٹرین سروس کے آغاز کے حوالے سے ملک کے دیگر صوبوں سے سبقت لے کر ایک نئی مثال قائم کی ہے۔
ملاقات کے دوران وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے میٹرو ٹرین منصوبے کو حقیقت کا روپ دینے میں وزارت ریلویز کے بھرپور اور مثالی تعاون پر وفاقی وزیر کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ "الحمدللہ، بلوچستان میں عوامی سفری سہولیات کے فروغ کا ایک اہم ترین اور دیرینہ منصوبہ مکمل ہو گیا ہے”۔ میر سرفراز بگٹی نے مزید کہا کہ جناح میٹرو ٹرین سروس صوبے کے عوام کے لیے ایک جدید، محفوظ اور بااعتماد سفری سہولت ہے، جو بلوچستان میں ترقی کے ایک نئے دور کا آغاز ثابت ہوگی

