کوئٹہ (الفجرآن لائن): معاون برائے داخلہ بلوچستان بابر یوسفزئی نے وفاقی حکومت اور وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ کی جانب سے حکومتِ بلوچستان اور وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی کی دہشتگردی کے خلاف کوششوں کو سراہنے کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے قابلِ تحسین قرار دیا ہے۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ وفاق کی جانب سے صوبائی حکومت کی حکمتِ عملی اور مسلسل محنت کا اعتراف دہشتگردی کے خلاف جنگ میں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتا ہے، جس کے لیے ہم وفاقی حکومت کے شکر گزار ہیں۔
بابر یوسفزئی نے واضح کیا کہ صوبائی حکومت اس وقت انتہائی مشکل اور سنگین چیلنجز کا سامنا کر رہی ہے، لیکن ان تمام تر نامساعد حالات کے باوجود وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی کی قیادت میں پوری ٹیم بھرپور اور فعال انداز میں کام کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں امن و امان کا قیام اور شہریوں جان و مال کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے لیے حکومتِ بلوچستان اپنے تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لا رہی ہے۔
معاون داخلہ نے دہشتگردی کے خلاف جنگ کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ یہ جنگ صرف میدان میں کی جانے والی عملی کارروائیوں تک محدود نہیں ہے۔ دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے مؤثر بیانیہ سازی (Counter-Narrative) اور عوامی آگاہی بھی اس جنگ کا ایک انتہائی اہم حصہ ہے۔ بلوچستان حکومت اس وقت جہاں عملی اقدامات اٹھا رہی ہے، وہاں ایک مضبوط اور مؤثر قومی بیانیے کی تشکیل پر بھی بھرپور توجہ دے رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومت کے درمیان بہترین کوآرڈینیشن اور یکساں حکمتِ عملی دہشتگردی کے خلاف جنگ میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہے۔ وفاق اور صوبے کا یہ باہمی تعاون بلوچستان میں دیرپا امن اور استحکام کے قیام کی ضمانت ثابت ہوگا۔ وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی کی قیادت میں صوبائی حکومت امن کی بحالی کے لیے اپنی آئینی اور قومی ذمہ داریاں اسی جذبے کے ساتھ نبھاتی رہے گی

