سریاب تا کچلاک 32 کلومیٹر ریلوے ٹریک کی بحالی مکمل، 3 ارب روپے سے جناح پیپلز ٹرین سروس کا افتتاح
کوئٹہ /اسلام آباد(الفجرآن لائن)وفاقی وزیرِ ریلوے محمد حنیف عباسی اور وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے بلوچستان کے عوام کے لیے جناح پیپلز ٹرین سروس کا باقاعدہ افتتاح کر دیا۔ جناح پیپلز ٹرین بلوچستان میں پہلی ماس ٹرانزٹ ٹرین سروس ہے، جو کوئٹہ اور ملحقہ علاقوں کے شہریوں کو محفوظ، آرام دہ، بااعتماد اور سستی سفری سہولت فراہم کرے گی۔
یہ منصوبہ حکومتِ بلوچستان اور پاکستان ریلوے کے باہمی تعاون سے مکمل کیا گیا ہے۔ منصوبے کے تحت سریاب تا کچلاک 32 کلومیٹر ریلوے ٹریک کو مکمل طور پر اپ گریڈ اور بحال کیا گیا، جبکہ یہ منصوبہ ریکارڈ 120 دن کی مدت میں تقریباً 3 ارب روپے کی لاگت سے مکمل ہوا۔ جناح پیپلز ٹرین کے روٹ پر 7 اسٹیشنز شامل ہیں، جن میں کچلاک، بلیلی، شیخ ماندا، جی او آر ہالٹ، کوئٹہ، لور کاریز ہالٹ اور سریاب شامل ہیں۔ ان اسٹیشنز پر مسافروں کی سہولت کے لیے مختلف ترقیاتی اور اپ گریڈیشن کے کام بھی مکمل کیے گئے ہیں۔ منصوبے کے تحت سریاب اور کچلاک اسٹیشنز پر نئے ٹرن ٹیبلز کی تنصیب و تکمیل، سریاب اور کچلاک اسٹیشنز کی اپ گریڈیشن، شیخ ماندا اسٹیشن کی بہتری، بلیلی اسٹیشن پر تعمیراتی و اپ گریڈیشن کا کام، جبکہ جی او آر ہالٹ کی تعمیرِ نو، سولرائزیشن، بجلی کے کام اور مسافروں کے لیے نئے فرنیچر و بینچز بھی شامل ہیں۔ کوئٹہ اسٹیشن کی اپ گریڈیشن اور لور کاریز ہالٹ پر تعمیر و تکمیلی کام بھی منصوبے کا حصہ رہے۔ جناح پیپلز ٹرین کے کوچز پاکستان ریلوے کی کیرج فیکٹری اسلام آباد میں ریکارڈ چار ماہ کی مدت میں تیار کیے گئے، جس میں ریلوے کے محنت کشوں کی انتھک محنت شامل ہے۔
اس موقع پر وفاقی وزیرِ ریلوے محمد حنیف عباسی نے وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی اور حکومتِ بلوچستان کے تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ جناح پیپلز ٹرین بلوچستان کے عوام کے لیے جدید اور باوقار سفری سہولیات کی فراہمی کی جانب اہم قدم ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ریلوے پورے پاکستان کا ادارہ ہے اور صوبوں کے تعاون سے عوامی خدمت اور قومی رابطے کا دائرہ مزید وسیع کیا جا رہا ہے۔وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے جناح پیپلز ٹرین کے آغاز پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے وزارتِ ریلوے اور پاکستان ریلوے کے تعاون کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ سروس بلوچستان میں عوامی سفری سہولیات کے ایک نئے دور کا آغاز ہے اور اس سے طلبہ، ملازمین، تاجروں، خواتین، بچوں، مزدوروں اور عام شہریوں کو روزمرہ سفر میں سہولت ملے گی۔جناح پیپلز ٹرین بلوچستان کے عوام کے لیے ایک محفوظ، سستی اور بااعتماد سفری سہولت کے ساتھ صوبے میں جدید ماس ٹرانزٹ نظام کی جانب ایک اہم پیش رفت ہوئی ہے

