کوئٹہ (الفجرآن لائن) حکومتِ بلوچستان اور عالمی ادارے ‘ورلڈ فوڈ پروگرام’ (ڈبلیو ایف پی) کے مابین صوبے میں غذائی قلت کے خاتمے، غذائی تحفظ اور جاری فلاحی پروگراموں کا دائرہ کار وسیع کرنے کے لیے باہمی تعاون بڑھانے پر اتفاق ہو گیا ہے۔ اس سلسلے میں ورلڈ فوڈ پروگرام پاکستان کی کنٹری ڈائریکٹر انیتا ہرش نے کوئٹہ میں وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے اہم ملاقات کی، جس میں صوبے کے اندر جاری مختلف منصوبوں اور مستقبل کی حکمت عملی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے عالمی ادارے کے منصوبوں کی کامیابی کے لیے صوبائی حکومت کی جانب سے ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔
ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان میں غذائی قلت ایک سنگین مسئلہ ہے، جس کے مستقل تدارک کے لیے مربوط اور مشترکہ اقدامات وقت کی اہم ضرورت ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومتِ بلوچستان اور ورلڈ فوڈ پروگرام کے یہ مشترکہ اقدامات صوبے میں غذائی تحفظ کے حصول کے لیے انتہائی نتیجہ خیز ثابت ہوں گے۔ میر سرفراز بگٹی کا مزید کہنا تھا کہ بچوں اور خواتین کو مناسب اور معیاری غذائیت کی فراہمی صحت مند معاشرے کی تشکیل کے لیے بنیادی اہمیت رکھتی ہے، اور صوبائی حکومت انسانی ترقی کے شعبوں میں عالمی اداروں کے ساتھ شراکت داری کو مزید فعال اور مؤثر بنائے گی

