اسلام آباد (الفجر آن لائن) وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا مشاورتی اجلاس ہوا جس میں خیبرپختونخوا کی امن و امان کی صورتحال، صوبے سے متعلق آئینی و قانونی امور اور ممکنہ اقدامات پر تفصیلی غور کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں وفاقی حکومت کی جانب سے آئندہ لائحہ عمل طے کرنے سے قبل تمام متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لینے پر بھی اتفاق کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی، وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ، وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ اور وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے شرکت کی۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے وزیراعظم کو ملک بالخصوص خیبرپختونخوا میں امن و امان کی صورتحال پر بریفنگ دی۔
ذرائع کے مطابق وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے خیبرپختونخوا سے متعلق آئینی و قانونی امور اور دستیاب قانونی راستوں پر اجلاس کو آگاہ کیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر داخلہ نے تحریک انصاف کی قیادت کے ساتھ ہونے والے پس پردہ رابطوں کے حوالے سے بھی وزیراعظم کو اعتماد میں لیا۔
اجلاس میں صوبے کی صورتحال کو قابو کرنے کے لیے مختلف آئینی اور قانونی آپشنز پر غور کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے خیبرپختونخوا سے متعلق کسی بھی اہم فیصلے سے قبل تمام اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لینے کا فیصلہ کیا ہے۔
وزیراعظم اس معاملے پر صدر مملکت سے بھی ملاقات کریں گے

