اسلام آباد(الفجرآن لائن): ایف آئی اے انسدادِ دہشت گردی ونگ نے 51 افغان شہریوں کے منسوخ شدہ شناختی کارڈ مبینہ طور پر بحال کرنے کی کوشش کے الزام میں نادرا کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر آفتاب کو گرفتار کرلیا۔
ذرائع کے مطابق ملزم نے مبینہ طور پر افغان شہریوں سے شناختی کارڈ بحال کرنے کے لیے 12 کروڑ روپے وصول کیے تھے۔ گرفتاری کے بعد ایف آئی اے نے ملزم کے گھر پر بھی چھاپہ مارا، جہاں سے 19 لاکھ روپے نقد برآمد ہوئے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزم نے مبینہ طور پر رشوت کی مد میں حاصل کی گئی باقی رقم سے اثاثے خریدے، جبکہ حویلیاں اور اسلام آباد کے سیکٹر جی-15 میں پلاٹ خریدنے کی بھی اطلاعات ہیں۔
ایف آئی اے ذرائع کے مطابق حکام نے جی-15 میں پلاٹ سے متعلق دستاویزات بھی حاصل کرلی ہیں، جبکہ معاملے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔

