اوگرا نے ایل پی جی کی نئی قیمتوں کا نوٹیفکیشن جاری کردیا، گھریلو سلنڈر کی قیمت 3296 روپے
اسلام آباد(الفجرآن لائن) مہنگائی کے ستائے عوام کے لیے ایک اور بری خبر سامنے آگئی، ایل پی جی کی قیمت میں نمایاں اضافہ کردیا گیا ہے۔ آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے اکتوبر کے لیے ایل پی جی کی نئی قیمتوں کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔نوٹیفکیشن کے مطابق ایل پی جی کی قیمت میں 20 روپے 68 پیسے فی کلو اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد یکم اکتوبر سے ایل پی جی کی نئی قیمت 299 روپے 66 پیسے فی کلو مقرر کردی گئی ہے۔
قیمت میں اضافے کے بعد 11.8 کلو گرام کے گھریلو ایل پی جی سلنڈر کی قیمت میں 244 روپے 14 پیسے کا اضافہ ہوا ہے۔ اکتوبر کے لیے گھریلو سلنڈر کی نئی قیمت 3296 روپے مقرر کی گئی ہے، جبکہ ستمبر میں یہی سلنڈر 3052 روپے میں دستیاب تھا۔اوگرا کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق نئی قیمتوں کا اطلاق یکم اکتوبر سے ہوگا۔ ایل پی جی کی قیمت میں اضافے سے گھریلو صارفین کے ساتھ ساتھ وہ شہری بھی متاثر ہوں گے جو کھانا پکانے اور دیگر گھریلو ضروریات کے لیے ایل پی جی استعمال کرتے ہیں

