اسلام آباد(الفجرآن لائن) کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کی جانب سے اسلام آباد بھر میں غیر قانونی تجاوزات کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔ ان کارروائیوں کا مقصد سرکاری و عوامی اراضی کو تجاوزات سے پاک کرنا، غیر مجاز تعمیرات اور غیر قانونی کمرشل سرگرمیوں کی روک تھام، اراضی کے غیر قانونی طور پر استعمال کرنے والوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔تجاوزات کے خلاف جاری مہم وفاقی وزیر داخلہ سید محسن رضا نقوی کی ہدایات اور وژن کے مطابق جبکہ چیئرمین سی ڈی اے کی مؤثر نگرانی میں جاری ہے۔ آپریشن کے دوران اسلام آباد میں نافذ العمل قوانین، قواعد و ضوابط، منظور شدہ لینڈ یوز پلانز اور بلڈنگ کنٹرول کی شرائط پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔
سی ڈی اے کی انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ اور متعلقہ بلڈنگ کنٹرول شعبہ جات ضلعی انتظامیہ اور دیگر متعلقہ اداروں کے تعاون سے اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں تجاوزات، غیر مجاز تعمیرات، غیر قانونی کمرشل سرگرمیوں، غیر موافق اراضی کے استعمال، منظور شدہ نقشوں کے بغیر تعمیرات اور دیگر خلاف ورزیوں کے خلاف کارروائیاں کر رہے ہیں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) اور متعلقہ اسسٹنٹ کمشنرز بھی اپنے اپنے علاقوں میں موقع پر موجود رہے اور تجاوزات کے خلاف جاری کارروائیوں اور مجموعی صورتحال کی نگرانی کرتے رہے تاکہ آپریشن کو مؤثر، منظم اور قانون کے مطابق یقینی بنایا جا سکے۔سی ڈی اے نے واضح کیا ہے کہ سرکاری یا عوامی اراضی پر کسی بھی قسم کی غیر قانونی تجاوزات، غیر مجاز تعمیرات یا غیر قانونی سرگرمیوں کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ جہاں خلاف ورزی ثابت ہوگی، وہاں مقررہ قانونی طریقہ کار کے مطابق تجاوزات کا خاتمہ، غیر قانونی تعمیرات کا انہدام، عمارت یا احاطے کو سربمہر کرنا، قابل اطلاق واجبات و چارجز کی وصولی اور قانونی کارروائی سمیت دیگر ضروری اقدامات عمل میں لائے جائیں گے۔جاری آپریشن میں سرکاری اراضی، عوامی مقامات، سڑکوں کے لیے مختص اراضی، گرین ایریاز، قدرتی برساتی نالوں اور دیگر عوامی مقاصد کے لیے مختص علاقوں کے تحفظ اور واگزاری پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے

