کوئٹہ (الفجرآن لائن) بلوچستان علاقے ماشکیل میں سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کا بڑا حملہ ناکام بناتے ہوئے 6 حملہ آوروں کو ہلاک کر دیا،جبکہ فائرنگ کے شدید تبادلے میں پاک فوج کا ایک نائیک شہید اور 6 جوان زخمی ہو گئے۔ سیکیورٹی ذرائع نے سوشل میڈیا پر ہلاکتوں کے حوالے سے دشمن کے پروپیگنڈے کو یکسر مسترد کرتے ہوئے اسے سراسر جھوٹ قرار دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق ماشکیل میں قائم سیکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر دہشت گرد تنظیم ‘بی ایل اے’ (فتنہ الہندوستان) کی جانب سے بزدلانہ حملہ کیا گیا۔ وہاں تعینات بہادر جوانوں نے تمام دستیاب ہتھیاروں کے ساتھ انتہائی مؤثر اور بھرپور جوابی کارروائی کی، جس کے نتیجے میں 6 دہشت گرد موقع پر ہی ہلاک ہو گئے۔
اس شدید جھڑپ کے دوران پاک فوج کے نائیک واحید نے بہادری سے لڑتے ہوئے جامِ شہادت نوش کیا، جبکہ 6 جوان زخمی ہوئے۔ زخمی ہونے والوں میں حوالدار ناصر، نائیک مہتاب، نائیک نوبت علی، لانس نائیک انعام مہر، سپاہی جان بادشاہ اور لانس نائیک مشتاق شامل ہیں۔ تمام زخمیوں کو فوری طور پر طبی امداد فراہم کی گئی ہے اور ڈاکٹروں کے مطابق ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
حملے کے فوراً بعد فورٹ-1 اور 58 ونگ ہیڈکوارٹر سے پاک فوج کی اضافی نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ سوشل میڈیا پر دشمن کے اکاؤنٹس کی جانب سے 8 شہادتوں کا جھوٹا اور بے بنیاد پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے، جس کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ دشمن کے اس گمراہ کن پروپیگنڈے پر کان نہ دھریں

