پاک فوج میں بڑے پیمانے پر تقرریاں اور تبادلے: نئے کور کمانڈرز کا تعین
راولپنڈی(الفجرآن لائن) پاک فوج کے اعلیٰ کمانڈ اسٹرکچر میں بڑے پیمانے پر ترقیاں، تقرریاں اور تبادلے عمل میں لائے گئے ہیں، جس کے تحت متعدد سینئر فوجی افسران کو اہم کور اور جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) میں نئی ذمہ داریاں سونپ دی گئی ہیں۔ ان تبدیلیوں کا مقصد ملکی سلامتی، انتظامی امور اور آپریشنل صلاحیتوں کو مزید مستحکم بنانا ہے۔
ذرائع کے مطابق، حالیہ انتظامی ردوبدل کے تحت لیفٹیننٹ جنرل عنایت حسین کو اہم ترین کمانڈر 12 کور (کوئٹہ) تعینات کیا گیا ہے، جہاں وہ صوبہ بلوچستان میں سیکیورٹی، امن و امان اور قومی سلامتی سے متعلق اسٹریٹجک امور کی نگرانی کریں گے۔ اس کے ساتھ ساتھ لیفٹیننٹ جنرل نعیم کو کمانڈر 11 کور (پشاور) کی ذمہ داری دی گئی ہے، جو سرحدی سیکیورٹی اور دہشت گردی کے خلاف جاری مہم کے لحاظ سے انتہائی حساس پوزیشن سمجھی جاتی ہے۔
ملک کے دیگر حصوں میں دفاعی لائنز کو مضبوط کرنے کے لیے لیفٹیننٹ جنرل عمر بشیر کو کمانڈر 4 کور (لاہور)، لیفٹیننٹ جنرل عامر نجم کو کمانڈر 2 کور (ملتان) اور لیفٹیننٹ جنرل شاکر اللہ خٹک کو کمانڈر 1 کور (منگلا) کی کمانڈ سونپی گئی ہے۔ یہ افسران اپنے اپنے متعلقہ فارمیشنز کی آپریشنل تیاریوں کی قیادت کریں گے۔
جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) کی سطح پر بھی اہم تقرریاں کی گئی ہیں، جن کے تحت لیفٹیننٹ جنرل امداد کو انسپکٹر جنرل ٹریننگ اینڈ ایویلیوایشن (IGT&E) جبکہ لیفٹیننٹ جنرل نور ولی کو کوارٹر ماسٹر جنرل (QMG) مقرر کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ لیفٹیننٹ جنرل عمر بخاری کو چیف آف جنرل اسٹاف (CGS) کی اہم ترین پوزیشن پر تعینات کیا گیا ہے۔ فوجی ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ نئی تعيناتیاں پاک فوج کے اندر کمانڈ کو متحرک رکھنے اور جدید سیکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے تسلسل کا حصہ ہیں

