کوئٹہ (ویب ڈیسک) معاون برائے داخلہ بلوچستان، بابر یوسفزئی نے ماشکیل میں سیکیورٹی فورسز کی جانب سے کی جانے والی حالیہ کارروائی کو ایک انتہائی اہم اور بڑی کامیابی قرار دیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ آپریشن ’رد الفتنہ 3‘ کے تحت فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے 6 دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا گیا ہے۔ بابر یوسفزئی نے فورسز کی بہادری اور پیشہ ورانہ مہارت کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اس کامیاب کارروائی نے صوبے میں امن دشمنوں کو بڑا دھچکا پہنچایا ہے۔
معاون داخلہ بلوچستان کا کہنا تھا کہ صوبے میں پائیدار امن و امان کا قیام اور عوام کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے سیکیورٹی فورسز کی لازوال قربانیوں کو قابلِ قدر قرار دیتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ بلوچستان کے امن، استحکام اور ترقی کو سبوتاژ کرنے کی ہر مذموم کوشش کو سختی سے ناکام بنایا جائے گا۔
بابر یوسفزئی نے مزید کہا کہ ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک سیکیورٹی فورسز کی مؤثر کارروائیاں اور قومی عزم اسی طرح جاری رہے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ اس کٹھن جنگ میں پوری قوم یکجتی کے ساتھ اپنی سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور وطنِ عزیز کے دفاع کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔

