اسلام آباد(الفجر آن لائن)وزیردفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا حکومت نے آنے والے لانگ مارچ کے ذریعے بدامنی پھیلانے کا منصوبہ بنا،نومئی جیسی کسی بھی پرتشدد کارروائی کی کوشش کو سختی سے روکا جائے گا۔
۔وزیر دفاع خواجہ آصف نے سماجی رابطوں کے نیٹ ورک ایکس پر لکھا کہ صوبائی حکومت کو قیادت کی مکمل حمایت حاصل ہے، لانگ مارچ میں ٹی ٹی پی کے عنصر سے تعاون کا منصوبہ ہے، 15 جولائی 2024 کے بنوں واقعے کی طرز پر بدامنی کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔
خواجہ آصف نے کہا کہ بنوں واقعہ میں ٹی ٹی پی کے گل بہادر گروپ نے کینٹ پر خودکش حملہ کیا، 8 فوجی جوان شہید ہوئے، 19 جولائی کے بنوں مظاہرے میں سیاسی و قوم پرست عناصر بھی شامل ہوئے۔
انہوں نے کہا کہ لانگ مارچ کے دوران فوجی یا پولیس تنصیبات کے قریب افراتفری پھیلانے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے، تحریک انصاف کی صوبائی حکومت اور لانگ مارچ منتظمین کے لئے واضح وارننگ ہے، 9 مئی جیسی کسی بھی پرتشدد کارروائی کی کوشش کو سختی سے روکا جائے گا۔
خواجہ آصف نے کہا ہے کہ سیاسی جدوجہد اور مسلح بغاوت میں واضح فرق ہے، سیاسی جدوجہد کے پردے میں ٹی ٹی پی کے ساتھ مل کر مسلح بغاوت ملک کی سالمیت پر حملہ تصور ہوگی، ریاست کے دفاع کے لیے تمام وسائل استعمال کیے جائیں گے۔

