اسلام آباد (ویب ڈیسک): چیئرپرسن بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام (BISP) سینیٹر روبینہ خالد نے عالمی یومِ اساتذہ کے موقع پر ملک بھر کے اساتذہ کو سلام پیش کرتے ہوئے ان کی خدمات اور قربانیوں کو شاندار الفاظ میں خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اساتذہ ہی قوم کے معمار اور ملک کے روشن مستقبل کے اصل ضامن ہیں۔
سینیٹر روبینہ خالد کا کہنا تھا کہ کسی بھی معاشرے کی ترقی میں تعلیم کے فروغ اور نئی نسل کی تربیت کے لیے اساتذہ کا کردار بنیادی اہمیت رکھتا ہے۔ اساتذہ بچوں کو صرف کتابی علم ہی فراہم نہیں کرتے بلکہ انہیں اخلاق، بہترین کردار اور ذمہ داری کا شعور بھی دیتے ہیں، جس سے معاشرے میں مثبت سوچ کو فروغ ملتا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان کی حقیقی ترقی اور خوشحالی کا راستہ صرف اور صرف معیاری تعلیم سے ہو کر گزرتا ہے۔
چیئرپرسن بی آئی ایس پی نے حکومت کی ترجیحات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ بچوں کو بہتر تعلیمی مواقع کی فراہمی اور تعلیم کا فروغ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے کیونکہ معیاری تعلیم حاصل کرنا ہر بچے کا بنیادی حق ہے اور اس مقصد کے حصول کے لیے ہم سب کو اجتماعی کوششیں کرنا ہوں گی۔
اپنے پیغام میں انہوں نے ’بینظیر تعلیمی وظائف‘ کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس پروگرام کے ذریعے مستحق خاندانوں کے بچوں کو تعلیم سے جوڑنے کی مسلسل کوششیں جاری ہیں۔ غریب اور مستحق بچوں کو تعلیم کے مساوی مواقع فراہم کرنا ہی ایک روشن، مستحکم اور مضبوط پاکستان کی بنیاد ہے۔ انہوں نے آخر میں ایک بار پھر دہرایا کہ پوری پاکستانی قوم اپنے اساتذہ کی لازوال خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔

