اسلام آباد(الفجر آن لائن) اسلام آباد کے پوش سیکٹر ایف ایٹ تھری میں سابق ریاست بہاولپور کے شاہی خاندان کی رہائش گاہ پر چوری کی واردات سامنے آئی ہے جہاں گھریلو ملازم نے اپنے ساتھیوں کی مدد سے تقریبا دو کروڑ روپے مالیت کے قیمتی تاریخی نوادرات اور ورثے کا سامان چرا لیا۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق یہ واقعہ نواب صلاح الدین عباسی کے بیٹے پرنس بہاول عباس خان عباسی کے گھر پیش آیا، ملزم نے قیمتی نوادرات پر ہاتھ صاف کیا جن میں تاریخی اہمیت کی حامل نایاب اور بیش قیمت
اشیا چاندی کی تخت نما کرسی، چاندی کی سیڑھیاں، چاندی کے پیالے، سونے کی پلیٹیں اور مختلف نایاب مجسمے، ریاستِ بہاولپور کے شاہی نشان والی سونے کی اشیا اور چاندی کا تاریخی فریم، تاریخی نوعیت کی پرانی بندوقیں اور تلواریں شامل ہیں۔
مارگلہ تھانے کے انچارج محمد عمران نے غیرملکی میڈیا کو بتایا کہ چوری کے اس واقعے میں ملوث مرکزی گھریلو ملازم کو گرفتار کر کے اس سے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے،
تاہم پولیس نے تاحال یہ ظاہر نہیں کیا کہ آیا چوری شدہ تمام سامان برآمد کر لیا گیا ہے یا نہیں۔

