اسلام آباد (الفجرآن لائن) وفاقی پولیس میں ریٹائرمنٹ کے بعد کنٹریکٹ پر دوبارہ خدمات انجام دینے والے 29 افسران و اہلکاروں کو عہدوں سے فارغ کر دیا گیا۔
پولیس حکام کے مطابق ان افسران و اہلکاروں کی کنٹریکٹ بنیادوں پر خدمات 2023 میں حاصل کی گئی تھیں، جن کی مدت 30 جون تک تھی، تاہم مدت مکمل ہونے کے بعد مزید کنٹریکٹ منسوخ کرتے ہوئے انہیں فوری طور پر عہدوں سے ہٹا دیا گیا۔
ذرائع کے مطابق فارغ کیے جانے والے افسران میں 4 ایس پیز، 3 ڈی ایس پیز اور 3 انسپکٹرز شامل ہیں، جبکہ دیگر عہدوں پر تعینات ریٹائرڈ ملازمین بھی کنٹریکٹ کی مدت مکمل ہونے پر فارغ کر دیے گئے۔
ذرائع کے مطابق کنٹریکٹ ختم ہونے والوں میں ریڈیالوجی اسسٹنٹ، لیگل اسسٹنٹ، ڈائریکٹر آئی ٹی، سافٹ ویئر انجینئر، چیف نرسنگ سپرنٹنڈنٹ، اسسٹنٹ سب انسپکٹر اور کانسٹیبل سمیت مختلف شعبوں سے وابستہ افسران و اہلکار شامل ہیں۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ ریٹائرمنٹ کے بعد دوبارہ کنٹریکٹ پر خدمات انجام دینے والے بعض افسران خاطر خواہ نتائج دینے میں بھی کامیاب نہیں ہو سکے،
جس کے باعث ان کے مزید کنٹریکٹ میں توسیع نہیں کی گئی۔ذرائع کے مطابق کنٹریکٹ کی مدت مکمل ہونے کے بعد تمام متعلقہ افسران و اہلکاروں کو فوری طور پر عہدوں سے فارغ کر دیا گیا ہے۔

