اسلام آباد (الفجرآن لائن): وفاقی وزیر برائے سمندر پار پاکستانیز و انسانی وسائل کی ترقی چوہدری سالک حسین سے انٹرنیشنل لیبر آرگنائزیشن (آئی ایل او) کے ڈائریکٹر جنرل گلبرٹ ایف ہونگبو نے اسلام آباد میں ایک اہم ملاقات کی، جس میں پاکستان اور آئی ایل او کے درمیان دیرینہ شراکت داری اور تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا۔ اس موقع پر وزیر مملکت محمد عون چوہدری، وفاقی سیکرٹری ندیم اسلم چوہدری، اور مزدور یونینز کے نمائندگان بھی موجود تھے۔ وفاقی وزیر نے آئی ایل او کے ڈائریکٹر جنرل کو تین دہائیوں بعد پاکستان آمد پر خوش آمدید کہا اور عالمی سطح پر ان کی قیادت کو سراہتے ہوئے یقین دلایا کہ پاکستان روزگار، ہنرمندی اور سماجی تحفظ کے شعبوں میں عالمی اقدام ‘گلوبل کولیشن فار سوشل جسٹس’ میں اپنا فعال کردار جاری رکھے گا۔
ملاقات کے دوران ڈیجیٹل اور فری لانس ورک فورس کے حقوق کے تحفظ، منصفانہ بھرتی، اور پاکستانی افرادی قوت کو عالمی معیار کے مطابق جدید تربیت فراہم کرنے پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ آئی ایل او کے ڈائریکٹر جنرل گلبرٹ ایف ہونگبو نے پاکستان کے مؤثر اور فعال سفارتی کردار کی تعریف کرتے ہوئے عالمی روزگار کی منڈی میں پاکستانی ورکرز کے لیے مواقع بہتر بنانے اور ان کی فلاح و بہبود کے لیے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ ملاقات کے اختتام پر وفاقی وزیر نے معزز مہمان کو یادگاری شیلڈ پیش کی، جبکہ دونوں رہنماؤں نے مزدور نمائندگان میں میرج گرانٹ، ڈیتھ گرانٹ اور تعلیمی وظائف کے چیکس بھی تقسیم کیے

