ٹانک/اسلام آباد (الفجرآن لائن) ضلع ٹانک میں فائرنگ کے ایک افسوس ناک واقعے میں الیکشن کمیشن آف پاکستان کے ڈائریکٹر جنرل شمشاد اختر شہید ہوگئے۔
ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے پیش آنے والے اس واقعے پر ادارے کی قیادت اور ملازمین نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
ترجمان کے مطابق شہید شمشاد اختر ایک دیانت دار، شریف النفس اور فرض شناس افسر تھے، جنہیں اپنے ساتھیوں اور رفقائے کار میں عزت و احترام کی نگاہ سے دیکھا جاتا تھا۔
بیان میں کہا گیا کہ مرحوم کی کسی سے ذاتی دشمنی نہیں تھی اور واقعے کو ٹارگٹ کلنگ قرار دیا گیا ہے۔چیف الیکشن کمشنر، الیکشن کمیشن کے ارکان، سیکرٹری اور ادارے کے تمام ملازمین نے شہید افسر کے اہلِ خانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس مشکل گھڑی میں پورا ادارہ سوگوار خاندان کے ساتھ کھڑا ہے۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے دعا کی گئی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کی مغفرت فرمائے، ان کے درجات بلند کرے اور لواحقین کو صبرِ جمیل عطا فرمائے۔
ترجمان کے بیان کے مطابق الیکشن کمیشن اور اس کے ملازمین نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ تمام سرکاری ملازمین کو دہشت گردی کے واقعات سے تحفظ فراہم کرنے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں، تاکہ سرکاری فرائض انجام دینے والے افسران اور اہلکاروں کی جان و سلامتی یقینی بنائی جاسکے

