دہشتگردی کے خاتمے کیلئے ہمارا عزم غیر متزلزل،افغا ن سرزمین کاپاکستان کیخلاف استعمال ہرگز قبول نہیں،وزیراعظم
اسلام آباد(الفجرآن لائن) وفاقی کابینہ نے خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی اور گورنر راج نافذ کرنے کی منظوری دیدی ہے جبکہ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ دہشتگردی کے خاتمے کیلئے ہمارا عزم غیر متزلزل ہے،افغا ن سرزمین کاپاکستان کے خلاف دہشت گردی کیلئے استعمال ہرگز قبول نہیں، خیبر پختونخوا حکومت دہشت گردی کا مقابلہ کرنے کی بجائے خاموش تماشائی بن گئی،دہشت گردی پرخاموشی ملک دشمنی کے مترادف ہے،پاکستان کو لاچارنہیں ہونے دیں گے،قانون اپناراستہ اختیارکرے گا،دہشت گردی کے واقعات کو پس پشت ڈالتے ہوئے انہوں نے اسلام آبادپرچڑھائی کا منصوبہ بنالیا۔
وزیراعظم نے سعودی عرب پر حوثیوں کے حملوں کی شدید مذمت اور سعودی عرب کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سعودی عرب کے خلاف کسی بھی جارحیت کو برداشت نہیں کریں گے،مکہ مکرمہ اورمدینہ منورہ کی حفاظت ہرمسلمان کے ایمان کاحصہ ہے، مشرق وسطیٰ میں بدقسمتی سے ایک بارپھرحالات کشیدہ ہوگئے ہیں،امن کیلئے سفارتی کوششوں میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا اہم کردار رہا ہے۔وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیرصدارت اجلاس میں وفاقی کابینہ نے خیبرپختونخوا میں ہنگامی حالت کے نفاذ کی تجویز دیتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم مشورہ دیں کہ حالات کی سنگینی کے پیش نظرصدر آئینی اختیار استعمال کرتے ہوئے
صوبہ خیبر پختونخوا میں آئین پاکستان کے آرٹیکل 232 اور 234 کے تحت ایمرجنسی کا نفاذ کریں وفاقی کابینہ کو خیبر پختونخوا میں امن و امان کی صورتحال اور دہشتگردی کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔کابینہ نے خیبر پختونخوا میں امن و امان کی بگڑتی ہوئی صورتحال اور دہشتگردی کے خلاف جنگ سے صوبائی حکومت کی دانستہ لاتعلقی کے پیش نظر حالات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ کابینہ نے وزیرِ اعظم کو تجویز دی کہ وہ صدر مملکت کو مشورہ دیں کہ حالات کی سنگینی کے پیش نظر صدر مملکت آئینی اختیار استعمال کرتے ہوئے صوبہ خیبر پختونخوا میں آئین پاکستان کے آرٹیکل 232 اور 234 کے تحت ایمرجنسی کا نفاذ کریں۔

