30 ہزار نوجوانوں کو ہنر مند بنا کر بیرونِ ملک روزگار کے لیے بھیجنے کے پروگرام پر پیش رفت تیز کرنے کا فیصلہ، وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی کی جدید تقاضوں کے مطابق تربیت اور مؤثر نگرانی یقینی بنانے کی ہدایت
کوئٹہ (الفجرآن لائن): وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیرِ صدارت بلوچستان ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی (بی ٹیوٹا) کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں صوبے کے نوجوانوں کو مختلف شعبوں میں فنی تربیت فراہم کرنے، ہنر مندی کے فروغ اور روزگار کے مواقع بڑھانے سے متعلق اہم فیصلے کیے گئے۔ اجلاس میں آئندہ سال تک 25 ہزار نوجوانوں کو فنی تربیت فراہم کرنے کے منصوبے کی منظوری دی گئی، جبکہ 30 ہزار نوجوانوں کو ہنر مند بنا کر بیرونِ ملک روزگار کے لیے بھیجنے کے پروگرام پر پیش رفت تیز کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
اجلاس میں بلوچستان میں فنی تعلیم کی استعدادِ کار بڑھانے اور تربیتی اداروں کی نگرانی کے نظام کو مؤثر بنانے کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ اس سلسلے میں انسٹی ٹیوٹ رجسٹریشن پورٹل نے کام شروع کر دیا ہے، جس سے فنی تربیتی اداروں کی رجسٹریشن اور متعلقہ امور کی نگرانی میں بہتری لانے میں مدد ملے گی۔
وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ آئندہ سال تک تربیت مکمل کرنے والے 25 ہزار نوجوانوں کو قومی اور عالمی معیشت کا فعال حصہ بنانے کے لیے جامع حکمتِ عملی مرتب کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو جدید تقاضوں اور مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق فنی تربیت فراہم کرنا ضروری ہے تاکہ وہ مقامی اور بین الاقوامی سطح پر روزگار کے بہتر مواقع حاصل کر سکیں۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرنے کی غرض سے سازگار ماحول کا فروغ ناگزیر ہے۔ فنی تعلیم اور ہنر مندی کا فروغ نوجوانوں کو معاشی خودمختاری کی راہ پر گامزن کرنے اور صوبے کی ترقی میں ان کا کردار مؤثر بنانے کے لیے بنیادی اہمیت رکھتا ہے۔
انہوں نے ہدایت کی کہ فنی تربیتی اداروں کی کارکردگی اور تربیت کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے مؤثر نگرانی اور احتساب یقینی بنایا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ تربیتی پروگراموں کو روزگار کی حقیقی ضروریات سے ہم آہنگ کیا جائے تاکہ نوجوان تربیت حاصل کرنے کے بعد ملکی اور عالمی سطح پر اپنی صلاحیتوں کے مطابق روزگار حاصل کر سکیں۔
اجلاس میں چیف منسٹر یوتھ اسکلز ڈویلپمنٹ پروگرام کے اہداف کے حصول میں سست روی کا بھی نوٹس لیا گیا۔ اس حوالے سے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا تاکہ پروگرام پر عمل درآمد تیز کیا جا سکے اور مقررہ اہداف بروقت حاصل ہوں۔
وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ بلوچستان کے نوجوانوں کی صلاحیتوں کو ہنر میں ڈھال کر انہیں ملکی ترقی اور عالمی معیشت میں مؤثر کردار ادا کرنے کے قابل بنایا جائے گا۔ انہوں نے متعلقہ اداروں پر زور دیا کہ فنی تربیت کے منصوبوں پر عمل درآمد میں تیزی لائی جائے اور نوجوانوں کے لیے روزگار کے زیادہ سے زیادہ مواقع پیدا کرنے کو ترجیح دی جائے۔

