150 بستروں پر مشتمل بلوچستان انسٹیٹیوٹ آف کارڈیو ویسکیولر ڈیزیز مکمل، تین سیٹلائٹ مراکز فعال، تمام ضلعی اسپتالوں میں چیسٹ پین مینجمنٹ سینٹرز قائم کرنے کا فیصلہ۔
کوئٹہ (الفجرآن لائن) بلوچستان میں امراضِ قلب کے علاج کے لیے پہلے اسٹیٹ آف دی آرٹ اسپتال کی تعمیر مکمل کرلی گئی ہے، جس کا افتتاح دسمبر میں کیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے بلوچستان انسٹیٹیوٹ آف کارڈیو ویسکیولر ڈیزیز (بی آئی سی وی ڈی) کا دورہ کرکے منصوبے کی تکمیل پر اطمینان کا اظہار کیا۔
دورے کے دوران صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ نے وزیراعلیٰ کو اسپتال کے منصوبے، طبی سہولیات، انتظامی امور اور مستقبل کی منصوبہ بندی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ بتایا گیا کہ 150 بستروں پر مشتمل جدید اسپتال میں ملک بھر سے ممتاز ماہرینِ امراضِ قلب کی خدمات حاصل کی گئی ہیں، جبکہ اسپتال سے منسلک تین سیٹلائٹ مراکز بھی فعال کردیئے گئے ہیں۔
وزیر صحت بخت محمد کاکڑ نے بتایا کہ صوبے کے تمام ضلعی اسپتالوں میں چیسٹ پین مینجمنٹ سینٹرز قائم کیے جائیں گے تاکہ دل کے مریضوں کو ابتدائی تشخیص اور بروقت طبی امداد کی سہولت ان کے اپنے اضلاع میں میسر آسکے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بی آئی سی وی ڈی بلوچستان میں امراضِ قلب کے علاج اور جدید طبی سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے ایک اہم سنگ میل ہے۔ اسپتال کے فعال ہونے سے صوبے کے عوام کو دل کے امراض کے علاج کے لیے دیگر شہروں کا سفر کرنے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔
انہوں نے کہا کہ عوام کو معیاری اور جدید طبی سہولیات ان کی دہلیز پر فراہم کرنا حکومت بلوچستان کی ترجیحات میں شامل ہے، جبکہ صحت کے شعبے میں اصلاحات اور عوامی خدمت کے عزم کے تحت جدید اسپتالوں کا قیام عمل میں لایا جارہا ہے۔
وزیراعلیٰ نے یقین دہانی کرائی کہ بی آئی سی وی ڈی کو مکمل فعال اور جدید طبی ادارہ بنانے کے لیے تمام ضروری وسائل اور انتظامی معاونت فراہم کی جائے گی، تاکہ امراضِ قلب کے مریضوں کو بروقت تشخیص، علاج اور ہنگامی طبی سہولیات میسر آسکیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ بلوچستان کے تمام اضلاع تک امراضِ قلب کی بنیادی طبی سہولیات کی توسیع کے لیے مربوط نظام تشکیل دیا جارہا ہے، جبکہ صحت کے شعبے کی بہتری، جدید اسپتالوں کے قیام اور عوام کو معیاری علاج کی فراہمی کے لیے عملی اقدامات جاری رہیں گے۔

