PIA plans to acquire 50 new aircraft to expand and modernise its fleet.
پی آئی اے کی تاریخ کا سب سے بڑا طیاروں کی خریداری کا منصوبہ، 50 نئے جہاز بیڑے میں شامل کرنے کی تیاری
اسلام آباد(الفجرآن لائن)قومی فضائی کمپنی پی آئی اے کی تاریخ کا سب سے بڑا طیاروں کی خریداری کا منصوبہ، 50 نئے جہاز بیڑے میں شامل کرنے کی تیاری جاری ہے۔سی ای او ایڈرین ہملٹن مانزنے معروف جریدے ایوی ایشن ویک کو خصوصی انٹرویومیں بتایا کہ پی آئی اے 2027 کی پہلی سہ ماہی میں 50 سے زائد نئے طیاروں کا آرڈر دینے کی منصوبہ بندی کر رہا ہے،
پی آئی اے کے مجوزہ آرڈر میں 20 وائیڈ باڈی اور 30 نیرو باڈی طیارے شامل ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ نئے طیاروں کی شمولیت سے پی آئی اے کے فضائی بیڑے میں نمایاں اضافہ ہوگا۔نئے طیاروں کے ذریعے پرانے بوئنگ 777 طیاروں کو جدید اور ایندھن کی بچت کرنے والے جہازوں سے تبدیل کیا جائے گا۔پی آئی اے جدید ٹیکنالوجی اور آرام دہ کیبن کی سہولیات سے آراستہ طیارے اپنے بیڑے میں شامل کرے گا۔نئے طیارے براہ راست خریداری، لیزنگ اور طویل مدتی فنانسنگ کے ذریعے حاصل کئے جائیں گے۔سی ای او نے کہا کہ نئے طیاروں کی ضروریات کے مطابق پی آئی اے کے انجینئرنگ شعبے کو جدید خطوط پر استوار کیا جا رہا ہے۔نئے طیاروں کے آپریشن کے لئے انجینئرز اور فضائی عملے کی تربیت پر بھی خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔پی آئی اے یورپ اور برطانیہ کے لئے اپنی پروازوں میں مزید اضافہ کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔انہوں نے کہا کہ شمالی امریکہ کے روٹس پر براہ راست پروازیں شروع کرنے میں بھی پی آئی اے کی گہری دلچسپی ہے۔سی ای او پی آئی اے ایڈرین ہملٹن مانزنے بتایا کہ چین اور مشرق بعید کے متعدد نئے مقامات کے لئے بھی پروازیں شروع کرنے کی منصوبہ بندی ہے۔پی آئی اے ایک وسیع اور معیاری فضائی نیٹ ورک کے ذریعے پاکستان کی بڑھتی ہوئی سفری ضروریات پوری کرنا چاہتا ہے۔

