اقدام سے سیکیورٹی کو خطرات لاحق، غیر مجاز افراد غلط استعمال کرسکتے ہیں، ایڈوائزری
اسلام آباد (الفجرآن لائن) نادرا نے شہریوں کو اہم دستاویزات کی غیر ضروری فوٹو کاپیاں بنانے سے گریز کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اقدام سے سیکیورٹی کو خطرات لاحق، غیر مجاز افراد غلط استعمال کرسکتے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق نادرا کی جانب سے جاری ایڈوائزری میں شہریوں پر زور دیا گیا ہے کہ وہ اپنے قومی شناختی کارڈز، فیملی رجسٹریشن سرٹیفکیٹس اور نادرا کے جاری کردہ دیگر دستاویزات کی غیر ضروری فوٹو کاپیاں بنانے سے گریز کریں۔
ایڈوائزری کے مطابق نادرا دفاتر کو زیادہ تر لین دین کیلئے صرف اصل دستاویزات کی ضرورت ہوتی ہے، شہری آسانی سے اپنی اصل دستاویزات یا متعلقہ نادرا کے جاری کردہ نمبر پیش کر سکتے ہیں، فوٹو کاپیاں صرف اس وقت ضروری ہوتی ہیں جب نادرا دستاویزات تک آن لائن رسائی حاصل نہ کرسکے۔ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ غیر ضروری فوٹو کاپیاں بنانے سے سیکیورٹی کو خطرات لاحق ہو سکتے ہیں، کیونکہ ان کاپیوں کو غیر مجاز افراد کے ذریعے غلط استعمال کیا جا سکتا ہے۔